صوبائی وزیرتوانائی اورڈپٹی کمشنر ملتان کاشجاع آبادمیں اچانک رمضان بازارکادورہ

ہفتہ 25 مئی 2019 18:16

ملتان ۔25مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک اور ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے گزشتہ روز اچانک شجاع آباد میں قائم سستے رمضان بازار کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور اشیاء خور ونوش کے نرخ بھی چیک کیے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد احمدرضا نے صوبائی وزیر اور ڈپٹی کمشنر کو رمضان بازار کی افادیت اور شہریوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ماہ رمضان کے تقدس کے باعث شہریوں کو واضح ریلیف دینے کے لئے پنجاب بھر میں سستے رمضان بازار لگائے ہیں جہاں آٹا، چینی ،بیسن اور دالوں سمیت دیگر اشیاء خور و نوش پر واضح سبسڈی دی جارہی ہے تاکہ غریب عوام ماہ رمضان کی برکات سے پوری طرح مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تمام شوگر ملز کو چینی کی بھرپور سپلائی سستے داموں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے باعث رمضان بازاروں سمیت اوپن مارکیٹ میں چینی کی کوئی قلت نہیں ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ آخری عشرے میں تمام رمضان بازاروں کو عید بازاروں میں تبدیل کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو عید کے حوالے سے بھی ایک چھت تلے شاپنگ کی تمام سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے ماہ رمضان میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں رکھنے کیلئے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے جس کے دوران 20 لاکھ سے زائد جرمانے اور درجنوں مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آخری عشرے میں تمام رمضان بازاروں میں چوڑیوں،گارمنٹس اور میٹھے کے خصوصی سٹال لگائے جائیں گے تاکہ عوام کی عید کی خوشیاں دوبالا کی جاسکیں۔عامر خٹک نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ چینی اور آٹے کے سٹال پر اضافی عملہ تعینات کرکے بنا تعطل سپلائی فراہم کی جائے۔بعد ازاں صوبائی وزیر اور ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار کے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں