بھارتی جارحیت کا شکار مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کاانعقاد

جمعہ 23 اگست 2019 18:27

ملتان ۔23اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) بھارتی جارحیت کا شکار مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے گزشتہ روز گورنمنٹ پائلٹ سکول سے ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں طلباء نے شرکت کی۔ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آغاظہیر عباس شیرازی ، اسسٹنٹ کمشنرز قاضی منصور، طیب خان ،سی ای او ایجوکیشن شمشیر خان اور پرنسپل مہر اللہ بخش نے کی۔

ریلی میں شامل طلبائ"کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی" "کشمیر بنے گا پاکستان" اور "پاک فوج زندہ باد " کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ریلی نواں شہر چوک آ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آغا ظہیر عباس شیرازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہر جمعہ کو ریلی نکالی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے آزادی کا حق جبر سے نہیں چھینا جا سکتا۔

کشمیریوں کی آزادی کی منزل بہت قریب ہے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی قاضی منصور نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان کا نقشہ ادھورا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر تحصیل صدر طیب خان نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے ہر محاذ پر جنگ لڑی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی شمشیر خان نے کہا کہ ریلی کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے۔ شمشیر خان نے مزید کہا کہ انڈیا کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں