مریم نواز کی گرفتاری میں حکومت کی سازش نظر آرہی ہے ،رانا احمد عتیق انو

ٌنیازی حکومت کے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مسلم لیگ ن کو نہیں ڈرایا اور دبایا نہیں جا سکتا،بیان

جمعرات 8 اگست 2019 23:49

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2019ء) قومی اسمبلی کے امیدوار وسابق چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل شیخوپورہ رانا احمد عتیق انور نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی کوٹ لکھپت جیل میں میاں نواز شریف سے ملاقات کے وقت گرفتاری حکومتی انتقام کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔مریم نواز کی گرفتاری میں حکومت کی سازش نظر آرہی ہے ۔نیازی حکومت کے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مسلم لیگ ن کو نہیں ڈرایا اور دبایا نہیں جا سکتا۔

سلیکٹڈ وزیر اعظم کشمیر پر بات کرنے کی بجائے مسلم لیگ ن کو ہی نشانے پر لگا رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی ملک گیر ریلیوں سے نیازی حکومت ڈر رہی ہے اور اپنے انجام کو دیکھ رہی ہے جس سے یہ حکومت چند ماہ کی مہمان ہے ۔ایک سوال کے جواب میں رانا احمد عتیق انور نے مزیدکہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اسے پاکستان سے کوئی بھی جدا نہیںکر سکتا ۔کشمیر ہمارا تھا ،ہے اور رہے گا۔ہم کشمیر کیساتھ ہیں اور ہم کشمیری بہن ،بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔موجودہ نیازی حکومت نے امریکا میں کشمیر کا سودا کیا ہے جسے عوام کبھی نہیں بھولیں گے اور وہ وقت دور نہیں جب عوام سڑکوں پر نکل کر کوٹ لکھپت جیل کی سلاخوں کو توڑیںگے اور مسلم لیگ ن کا سنہرا دور دوبارہ شروع ہو گا۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں