سرکل مرید کے پولیس نے پانچ افراد کے قتل سمیت دیگرسنگین مقدمات میں ملوث دوخطرناک اشتہاری ملزمان گرفتار

جمعہ 15 مارچ 2024 19:56

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2024ء) سرکل مریدکے پولیس نے پانچ افراد کے قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات میں ملوث دو خطرناک اشتہاری ملزمان گرفتار کر لیے۔ پولیس نے بوری بند نعش کا معمہ حل کرتے ہوئے سسر کی قاتلہ بہو کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا، بھتہ خوری میں ملوث تین ملزمان بھی رنگے ہاتھوں دھر لیے گئے جبکہ دو کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری چار چوری شدہ گاڑیاں،10موٹر سائیکلیں، درجن کے قریب کلاشنکوفیں، لاکھوں روپے مالیت کی منشیات اور دیگر سامان بھی قبضہ میں لے لیا گیا۔

پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، ڈی ایس پی ملک طاہر صدیق کی پریس کانفرنس۔ سرکل مریدکے پولیس کے سربراہ ملک طاہر صدیق نے ایس ایچ او تھانہ سٹی ولی حسن پاشا، ایس ایچ او صدر سید ظہیر الحسن اور ایس ایچ او تھانہ نارنگ منڈی رانا محمد اعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ حدوکے تا ر بازار میں پانچ افراد کے قتل سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک اشتہاری ملزمان ندیم عرف ڈیمری اور عامر ریاض عرف عاصم بٹ کو گرفتارکر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تھانہ سٹی پولیس نے پولیس کانسٹیبل محمد بلال کو شہید کرنے والے عابد بلا اور اس کے ساتھی زین جٹ کو بھی16گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا جن میں سے عابد حملہ آوروں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ سٹی پولیس کے ایس ایچ او ولی حسن پاشا نے کئی روز کی سر توڑ کوشش کے بعد بھتہ خوری میں ملوث ارسلان، امجد اور محمد حفیظ کوپیسے وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

ملزمان شہریوں سی20لاکھ روپے تک کا بھتہ وصول کر چکے تھے۔ تھانہ صدر مریدکے پولیس کے ایس ایچ او سید ظہیر الحسن نے جی ٹی روڈ سے ملنے والی نا معلوم بوری بند نعش کا معمہ حل کرتے ہوئے ملزمان کو چار روز کے اندر گرفتار کر لیا۔70سالہ شیخ محمد اقبال کواس کی بہو ثناء نے اپنے مبینہ آشناوں عابد علی اور شفیق ارائیں کو گرفتار کرکے قتل میں استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد کر لیے۔

بہو کا مؤقف ہے کہ سسر اس کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کرتا تھا جبکہ پولیس کا مؤقف ہے کہ سسر کا قیمتی مکان اور دیگر جائیداد ہتھیانے کی خاطر واردات کی گئی ہے۔ پولیس نے قتل کے بعد لگوائے جانے والے انگوٹھوں پر مشتمل اشٹامپ پیپر ز بھی قبضہ میں لے لیے ہیں۔ ڈی ایس پی مریدکے ملک طاہر صدیق کے مطابق سرکل پولیس نے نئے سال کے دو ماہ کے دوران 2کروڑ24لاکھ18ہزارروپے مالیت کی ریکوری کر لی۔

94اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں قتل کی11، ڈکیتی کی4، راہزنی کی19اور بی کیٹگری کی60ملزمان شامل ہیں۔ مریدکے پولیس نے اسلحہ کی78مقدمات میں10کلا شنکوفیں، 5رائفلیں، درجنوں پسٹل اور ہزاروں گولیاں برآمد کر لیں۔ منشیات فروشی کے خلاف کارروائی کے دوران45مقدمات میں73کلو گرام چرس،10کلو گرام ہیروئن اور شراب کی بھاری مقدار بھی برآمد کر لی ہے۔

پولیس کے دعویٰ ہے کہ دو ماہ کے دوران102مقدمات ٹریس کئے گئے ہیں جبکہ منور عرف مولا گینگ سمیت دیگر ڈکیت گینگ گرفتار کرکے تین کاریں، ایک کیری ڈبہ، 10موٹر سائیکلیں، میسی فرگوسن ٹریکٹر معہ روٹا ویٹر ، 5جانور، 4بجلی کی موٹر یں9عدد موبائل فونز اور ایک عددپمپ ایکشن برآمد کر لی جبکہ ایک کروڑ سے زائد مالیت کا چور شدہ سریا برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ڈی ایس پی ملک طاہر صدیق کے مطابق شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے تک جرائم پیشہ افرا دکے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں