روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

ڈالر کے انٹربینک ریٹ اتارچڑھا کے بعد 174 روپے سے بھی تجاوز کرگئے

جمعرات 21 اکتوبر 2021 23:47

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تاریخی گراوٹ کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور جمعرات کوامریکی ڈالر انٹر بینک میں174 روپے سے بھی تجاوز کرگیا۔حکموت کے تمام تر دعوئوں کے باوجود روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے،جمعرات کوروپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ ریکارڈ کیاگیااور ایک وقت میں ڈالر 174 روپے 10 پیسے تک جاپہنچا تاہم بعد میں ڈالر کی قدر میں کمی واقع ہوئی اور ایک ڈالر 49 پیسے اضافے کے بعد 173 روپے 96 پر بند ہوا۔

ڈالر کی قدر کے حوالے سے سیکرٹری جنرل ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ظفر پراچہ نے کہاکہ ملک کے اقتصادی حالات اور ترسیلاتِ زر کی آمد کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہیں، زرِمبادلہ ذخائر اور ترسیلات میں بہتری کے باعث ڈالر کی قدر 150 سے 155 تک ہونی چاہیے، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل میں تاخیرکی اطلاعات سے درآمدکنندگان کی جانب سے ڈالر کی طلب بڑھ گئی ہے، آئی ایم ایف کے سخت مطالبات سے محسوس ہوتا ہے کہ روپے کو بے قدر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رواں مالی سال میں اب تک ڈالر 16 روپے 42 پیسے مہنگا ہوا ہے جبکہ رواں مالی سال روپے کی قدر میں 10 اعشاریہ 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔معاشی ماہرین کے مطابق روپے پر اضافی دبائو حکومت، عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے مابین جاری مذاکرات کے اختتام کے لیے طے شدہ ٹائم فریم نہ ہونے سے پیدا ہوا جس کی وجہ سے فنڈ سے اگلی قسط جاری کرنے میں تاخیر ہوئی۔ حکومت کو دبائو کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پر غیر ملکی سرمائے کی آمد میں اضافے کی حکمت عملی بنانا ہو گی تاکہ ڈالر کی قیمت مزید نہ بڑھ سکے۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں