امریکی ریاست ٹیکساس میں ڈکیتی کے دوران پاکستانی نژادشہری قتل

ملزم کار نمبر جی پی بی 0449 میں سوار تھا جس نے اپنے چہرے پر سرجیکل ماسک پہنا ہوا تھا،پولیس

ہفتہ 28 مارچ 2020 14:35

ٹیکساس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2020ء) امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں واقع گیس اسٹیشن پر ڈکیتی کی واردات کے دوران پاکستانی نڑاد امریکی کو قتل کر دیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ساوتھ فورٹ ورتھ میں واقع سپر بگ کاونٹی مارٹ گیس اسٹیشن میں موجود ایوب علی کو ڈکیتی کی واردات کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔اس سلسلے میں فورٹ ورتھ پولیس کے شیرف کا کہنا تھاکہ ملزم کار نمبر جی پی بی 0449 میں سوار تھا جس نے اپنے چہرے پر سرجیکل ماسک پہنا ہوا تھا، اس کے سر پر سفید ٹوپی تھی جبکہ ہاتھوں میں دستانے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس شیرف نے عوام سے اپیل کی کہ ملزم سے متعلق جس کسی کو بھی کوئی معلومات ہوں تو وہ نائن ون پر یا فون نمبر 8178841213 پر کال کر کے پولیس کو مدد فراہم کر سکتے ہیں۔پولیس شیرف نے ملزم کی ویڈیو بھی عوام سے شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم کا حلیہ کیسا ہے۔اس واقعے کے سبب اسماعیلی اور مقامی پاکستانی کیمونٹی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، مقتول ایوب علی کی لاش اب تک پولیس کی تحویل میں ہے۔لاش ورثاء کو ملنے کے بعد مقتول ایوب علی کو امریکا میں واقع اسماعیلی کمیونٹی کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں