آئندہ سات سالوں میں زلزلہ زدہ اضلاع کی تعمیر نو پر 3 کھرب روپے خرچ کئے جائینگے۔ کرنل (ر) نسیم

اتوار 3 دسمبر 2006 11:39

باغ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03دسمبر2006 ) ویر تعمیرات عامہ تعمیر نو کرنل (ر) راجہ محمد نسیم نے کہا ہے کہ آئندہ سات سالوں کے دوران متاثرہ اضلاع میں تین کھرب روپے تعمیر نو پر خرچ ہونگے مظفر آباد کو جدید ترین شہر بنائیں گے۔ وہ گزشتہ روز باغ میں ڈاکٹر عتیق زاہد کی طرف سے دیئے گئے عشایئے سے خطاب کررہے تھے ان کے علاوہ سابق وزیر برقیات سردار میر اکبر‘ سابق چیئرمین بلدیہ خواجہ جاوید اقبال‘ مسلم کانفرنس سٹی باغ کے سردار خالد اکبر عباسی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

کرنل نسیم نے کہا کہ جس طرح جائیکا نے مظفر آباد میں ماسٹر پلاننگ کی ہے اور وہاں کے ترقیاتی‘ بلدیہ‘ لوکل گورنمنٹ ‘ تعمیرات عامہ اور دیگر اداروں نے دن رات محنت کرکے کام کیا ہے اور بلڈنگ کوڈ فائنل کیا ہے کابینہ نے منظور کردیا ہے اگر وہ خودمحنت نہ کرتے تو آج کچھ بھی نہ ہوتا انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ باغ میں ماضی کی انتظامیہ اور اداروں نے انصاف نہیں کیا اگر باغ میں مل جل کر کام ہوتا تو آج ہم کافی کچھ کرچکے ہوتے انہوں نے کہا کہ مظفر آباد میں جن علاقوں میں سے فالٹ لائن گزررہی ہے اس کے دونوں اطراف دو سو میٹر تعمیرات پر پابندی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باغ کے شہری‘ تاجر مل کر اتفاق رائے سے جو بات سامنے لائیں گے اس پر عمل درآمد ہوگا محض حیلے بہانوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا انہوں نے باغ کے شہریوں کے لئے دو سو عارضی شیلٹر اور دو سو ٹینٹ دینے کا اعلان بھی کیا اور ان کی فہرستیں جلد مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ سابق وزیر برقیات سردار میر اکبر نے کہا کہ باغ شہر بہت پیچھے رہ گیا ہے باغ بی ڈی اے ہماری توقعات پر پورا نہیں اتر سکا یہ ادارہ مضبوط نہیں ہے اس کی بہتری کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر سابق مشیر حکومت سردار امجد یوسف‘ پی ایف یو جے کے مرکزی نائب صدر طاہر احمد عباسی یونین آف جرنلسٹس ضلع باغ کے صدر پرویز الحسن طاہر و دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں