کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں کشمیریوں نے یوم حق خودارادیت منایا

آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی ،ْکشمیریوں کا عزم وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن دفتر تک نکالی گئی ،ْ مشن کو یادداشت جمع کروائی گئی

جمعہ 5 جنوری 2018 17:36

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2018ء) کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں کشمیریوں نے یوم حق خودارادیت منایا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم حق خودارادیت منایا۔ اس سلسلے میں ریلیاں نکالیں گئیں، جلسے جلوس کا اہتمام کیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے اور اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے۔ کشمیریوں نے اس عزم کی تجدید کی کہ آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔میرپور میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن دفتر تک نکالی گئی اور مشن کو یادداشت جمع کروائی گئی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔یوم حق ارادیت کی مرکزی تقریب مظفرآباد میں ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد دہشتگردی نہیں بلکہ آزادی کی جنگ ہے، اقوام متحدہ کا چارٹر قابض افواج کیخلاف جدوجہد آزادی کا حق دیتا ہے، ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر پر فوجی قبضہ کر کے کشمیریوں کا حق خود ارادیت سلب کر رکھا ہے، کشمیر میں قابض افواج کیخلاف جدوجہد کرنیوالے ہمارے ہیرو ہیں، اقوام عالم کشمیریوں سے کیا گیا حق خود ارادیت کا وعدہ پورا کرے، حالات کیسے بھی ہوں کشمیری آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اپنے موقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اپنے پیغام میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پانچ جنوری 1949 کو منظور ہونیوالی قرارداد کی روشنی میں اپنی سیاسی تقدیر کافیصلہ کرنے کاپورا حق حاصل ہے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پانچ جنوری 1949 کو قرارداد منظور کی تھی جس میں وعدہ کیا گیا تھا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی زیرنگرانی استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائیگا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں