کل جماعتی حریت کانفرنس نے 27اکتوبر یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کردیا

جنگ بندی لائن کے دونوں اطراف ،پاکستان و دنیا بھر میں مقیم کشمیری 27اکتوبر کو کشمیر پر ہندوستان کے قبضے کے خلاف احتجاج کرینگے،کنوینئر سید عبداللہ گیلانی

پیر 21 اکتوبر 2019 18:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے 27اکتوبر یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کردیا۔جنگ بندی لائن کے دونوں اطراف ،پاکستان و دنیا بھر میں مقیم کشمیری 27اکتوبر کو کشمیر پر ہندوستان کے قبضے کے خلاف احتجاج کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس جموں وکشمیر ،آزادکشمیر شاخ کے کنوینئر سید عبداللہ گیلانی نے دیگر سینئر رہنماؤں سید اعجاز احمد شاہ،اشتیاق حمید،عبدالمجید میر،پرویز احمد شاہ،راجہ خادم حسین اور زائد صفی کے ہمراہ پیر کے روزمرکزی ایوان صحافت مظفرآباد میں پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سید عبداللہ گیلانی نے کہا کہ پچھلی72سال سے روایتی طور پر ہم 27اکتوبر کے دن یوم سیاہ کے طور پر مناتے آئے ہیں کیونکہ 1947ء میں اکتوبر کی یہی27تاریخ تھی جب بھارتی فوج نے ایک غاصب کی حیثیت سے اپنے ناپاک قدم سر زمین کشمیر پر رکھے تھے۔

(جاری ہے)

اور آج جب ہم اس دن کو منانے جا رہے ہیں تو اسکی تاریکی کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے کیونکہ5اگست کو بھارت نے مکارانہ اور شاطرانہ طور پر ایک اور شدید ترین جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیر پر اپنے غاصبانہ قبضے کو آئینی اور قانونی جواز بخشنے کی مذموم کوشش کی اور کشمیر کر بزعم خود بھارت میں ضم کر دیا۔

یہ الگ بات ہے کہ ہم نے نہ تو71سال پہلے بھارت کے فوجی قبضے کو تسلیم کیا تھا اور نہ ہی بھارت کی حالیہ جارحیت کے بعد ہم اپنے مؤقف سے دستبردار ہوئے۔۔اُنہوں نے کہاکہ5اگست کی بھارت کی جارحیت کے بعد پاکستان نے اس تعلق سے جو بھی اقدام کئے ہیں اور خاص طور پر جس طرح وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ لڑا اور جس طرح پاکستانی عوام نے کشمیریوں کے حق میں اپنی آواز بلند کی اس کیلئے ہم انتہائی شکر گزار ہیں لیکن جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ان تمام کوششوں اور کاوشوں کا کشمیر کی زمینی صورتحال پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا پاکستان کی حمایت سے اگرچہ کشمیری عوام کے حوصلے ضرور بلند ہوئے لیکن نہ تو بھارتی مظالم میں کوئی کمی واقع ہوئی اور نہ ہی کشمیر کے متعلق بھارت کی ناپاک عزائم اور منصوبوں پر کوئی رکاوٹ لگی ۔

بھارتی جارحیت کے ردعمل کے طور پر پاکستان کی طرف سے جس طرح کے ٹھو س اور عملی اقدامات کے توقع ہم نے کی تھی ۔شاید پاکستان کو کچھ مشکلات اور مسائل کا سامنا ہے جس کا ہمیں بخوبی اندازہ ہے اس لیئے ہم پاکستانی حکومت سے اس تعلق سے کوئی گلہ شکوہ نہیں رکھتے لیکن ہم کشمیر کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے بھی نہیں رہ سکتے اس لئے ہمارا پاکستانی حکومت سے مطالبہ ہے کہ اگر آپ کشمیر کے متعلق بھارت کی جارحیت کے جواب میں کوئی ٹھوس اور عملی اقدام کرنے سے قاصر ہیں تو آپ کم سے کم ہمارے اقدامات کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں ہم کشمیری اگر اپنے اس پار کے بھائیوں کی مدد کیلئے اگر اس خونی لکیر کو عبور کرنا چاہتے ہیں جس نے ہمارے رشتوں اور ہمارے وجود کو دولخت کر کے رکھ دیا ہے تو آپ کو ہمیں روکنا نہیں چاہیئے۔

بلکہ جس قدر ممکن ہوسکے ہماری مدد کرنی چاہیئے یہ کہاں کا انصاف ہے کہ دنیا نہ تو خود کچھ کرے،نہ آپ کو کچھ کرنے دے اور ان سب چیزوں سے بے نیاز ہو کر اگر ہم اپنی لڑائی خود لڑنا چاہتے ہیں تو آپ ہمارے سامنے بھی آکر کھڑے ہو جائیں اور ہماری کوششوں میں بھی رخنہ ڈالیں ۔خونی لکیر کے آر پار ہزاروں بلکہ لاکھوں نوجوان کشمیر کی آزادی کیلئے ہر طوفان سے ٹکرانے کیلئے تیار کھڑے ہیں ہمیں احساس ہے کہ عالمی برادری ہماری مدد کرنے کو تیار نہیں کوئی مفادات اور مصلحتوں کا غلام ہے تو کوئی مجبوریوں کا اسیر لیکن ہم اگر اپنی مدد خود کرنا چاہتے ہیں تو اس سے کسی کو کیا تکلیف لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانے اور اپنے وجود کی اس لڑائی کو از خود لڑنے کے حق سے ہمیں محروم نہ کیا جائے۔

اس بار کا یہ یوم سیاہ جو ہم سب کشمیری ایک ہی پلیٹ فارم پر متحدہ ہو کر منا رہے ہیں۔کشمیریوں کی طرف سے ساری دنیا کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ ہم اپنی جدوجہد کو اسکی منزل و مقصود تک پہنچانے کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہیں ۔اور اپنے اس بنیادی حق کے حصول کیلئے ہم سب متحد ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مظفرآباد میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کل جماعتی حریت کانفرنس کے پلیٹ فارم سے یوم سیاہ کی تقریب میں شرکت کرینگے۔

سید عبداللہ گیلانی نے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حریت کانفرنس کی پشت پر کھڑا رہتے ہوئے حریت رہنمائوں کو لیڈنگ رول دیا ۔ ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہاکہ 27اکتوبرکو آزادکشمیر کے تمام اضلاع و تحصیلوں کے علاوہ پاکستان و دنیا بھر میں مقیم کشمیر ی یوم سیا ہ منائیں گے ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں