اسسٹنٹ کمشنر کی دھیرکوٹ شہر میں کارروائیاں ، غیر قانونی تجاوزات اکھاڑ دیں،

جمعرات 28 مارچ 2024 15:54

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) اسسٹنٹ کمشنر یاسر بخار ی نے دھیرکوٹ شہر میں کارروائیاں کرکے غیر قانونی تجاوزات اکھاڑ دیں، فٹ پاتھ سامان سے خالی کروا دیئے اور خورد و نوش کے ریٹس میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر باغ مدثر فاروق کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نے پولیس نفری کے ہمراہ دھیرکوٹ شہر کا دورہ کیا، مین بازار میں فٹ پاتھ پر دکانوں کے آگے شیلٹرز سے باہر رکھا گیا سامان بھی ہٹا دیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے دورہ کے دوران شہر میں اشیاء خورد و نوش کے ریٹس اور بیکریوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کی بھی چیکنگ کی، غیر معیاری اور زائد المعیاد اشیاء ملنے پر تاجران کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے ، صفائی کے ناقص انتظامات پر بھی بیکری مالکان کو جرمانے عائد کرتے ہوئے متعدد کو وارننگ بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر یاسر بخاری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے ،ہمیں بطور مسلمان اس ماہ مقدس میں کم سے کم منافع لے کر عوام کو سہولت دینی چاہیے، انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر اسلام آباد منڈی سے ریٹس لینے کے بعد یہاں لسٹیں جاری کرتی ہے جس پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں گے ،انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیاء کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام جہاں پر بھی مقررہ ریٹس سے زائد ریٹس یا ناقص اشیاء فروخت ہوتی دیکھیں تو فوری طور پر ہمیں اطلاع کریں تا کہ ایسے لوگوں کے خلاف کاروائی کی جا سکے۔\378

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں