کنگ عبداللہ کیمپس کو تعلیمی ساز وسامان سے لیس کرنے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا

سعودی عرب کی جانب سے ساڑھے چارارب کے مالیت کے جدیدایجوکیشنل ایکویپمنٹس کی فراہمی کا سلسلہ شروع جدید ترین لیبارٹری و کمپیوٹرسائنسز کے ایکویپمنٹس سے ہزاروںطلباء وفیکلٹی ممبران مستفید ہونگے ،سعودی حکومت کے مشکور ہیں،وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی

پیر 15 اپریل 2024 17:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) آزادجموںوکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس میں قائم مختلف تدریسی شعبہ جات کو سعودی فنڈ برائے ترقی (سعودی فنڈ فارڈویلپمنٹ)کے تعاون سے جدید ترین تعلیمی سازوسامان سے لیس کرنے کے ایک بڑے منصوبے کا آغاز ہوگیاہے ۔جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق برادراسلامی ملک نے کنگ عبداللہ بن عبدالعزیزکیمپس کے لیے چارارب چالیس کروڑروپے سے زائدکی خطیر رقم سے جدیدترین ایجوکیشنل ایکویپمنٹس کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا ہے جو رواں سال اگست تک جاری رہے گا۔

اس تعلیمی ساز و سامان میں سائنس لیبارٹریز،انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز،آرٹ اینڈڈیزائن کے لیے ٹیکسٹائل سے متعلقہ مشینیں اوردیگر سامان،بائیوٹیکنالوجی،بیالوجی،کیمسٹری،کمپیوٹرسائنسز اینڈآئی ٹی،الیکٹریکل انجینئرنگ،انگلش ڈیپارٹمنٹ، جنرل آفس ایکویپمنٹس،جیالوجی،ہیلتھ اینڈمیڈیکل سائنسز،ہائی ٹیک ایکویپمنٹس،فزکس،سافٹ ویئر انجینئرنگ، ویڈیو کانفرنسنگ اورزوالوجی کے شعبہ جات کے لیے جدید ترین ایکویپمنٹس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

2005کے تباہ کن زلزلے کے بعدچھترکلاس کے مقام پر سعودی عرب کے تعاون سے سات ارب سے زائدکی خطیر لاگت سے تعمیر کیے جانے والے عظیم الشان کیمپس میں معیاری تعلیم وتحقیق کے فروغ کے لیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے مختلف تعلیمی شعبہ جات میں قائم سائنس اور کمپیوٹرلیبز کو کیمپس کے شایان شان بنانے کے عزم کے تحت سعودی فنڈفارڈویلپمنٹ کے ذمہ داران سے طویل ملاقاتیں کیں اور تعلیمی ساز وسامان کی فراہمی کے لیے باقاعدہ تحریک کی تھی جسے سعودی حکومت نے فراخدلی کے ساتھ قبول کرلیا۔

جس کے نتیجے میں28جولائی 2022؁ء کو تعلیمی میدان میں جاری اس تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی موجودگی میں سعودی فنڈ فارڈویلپمنٹ اور آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآبادکے درمیان کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ایک تاریخی معائدے پر دستخط ہوئے جس کے تحت برادراسلامی ملک نے کنگ عبداللہ کیمپس کے لیے چارارب چالیس کروڑروپے سے زائدکی خطیر رقم سے جدید ترین تعلیمی ساز و سامان مہیا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا ہیکہ سعودی حکومت کی طرف سے جامعہ کشمیر کے مختلف شعبہ جات کی لیبارٹریز کو فراہم کیے جانے والے ان جدیدترین ایکویپمنٹس سے نہ صرف اس وقت موجودآن کیمپس دس ہزار سے زائدطلبہ و طالبات اور تین سو فیکلٹی ممبران مستفید ہونگے بلکہ آنے والی نسلوں کے لاکھوں طلبہ و طالبات بھی اس سے استفادہ کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سات ارب سے زائدکی خطیرلاگت سے کنگ عبداللہ کیمپس کی تعمیر اور اب چارارب چالیس کروڑروپے سے زائدمالیت کے تعلیمی ساز وسامان کی فراہمی سے ملک کے اس خوبصورت ترین کیمپس کو جدید تعلیمی سہولتوں سے آراستہ کرنا سعودی حکومت کا ایک ایسا کارنامہ ہے جسے آزادکشمیر کے عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ریزیڈنٹ ڈائریکٹر کنگ عبداللہ کیمپس پروفیسرڈاکٹر ایازعارف نے اس تعلیمی سازوسامان کی پہلی کھیپ کی وصولی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے فراخدلانہ تعاون سے کنگ عبداللہ کیمپس کی سائنس لیبارٹریزکے لیے جدید ترین سامان،کمپیوٹر لیبز کو اپ گریڈ کرنے،ہیلتھ سائنسز اور آرٹ اینڈ ڈیزائن کے شعبوں کو میڈیکل اور ٹیکسٹائل کے جدید تعلیمی ساز و سامان کی فراہمی بلاشبہ ان شعبہ جات کے طلباء و طالبات کے لیے تحقیق و تنوع کے وہ انمول مواقع پیداکرنے میں مددگارثابت ہوگی جو دورحاضر میں صرف ترقی یافتہ ممالک کے طلباء کوہی میسر ہیں۔

ریاستی دارلحکومت مظفرآباد میں حال ہی میں تعمیر کیا جانے والا آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کاعظیم الشان کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز کیمپس سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان لازوال سیاسی،اقتصادی اور علمی تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سعودی عوام اور حکومت کی جانب سے کشمیریوں کو دیا گیا یہ خوبصورت تحفہ خطے میں انسانی وسائل کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں