المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی خصوصی بچوں کے علاج و معالجہ اور ان کی استعدادکار بڑھانے کےلئے خصوصی تعلیم کا انتظام کر رہی ہے ،ترجمان

منگل 30 اپریل 2024 14:56

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے زیرانتظام ادارہ بحالی جسمانی معذوراں میں زیر علاج معذور بچوں کیلئے قائم خصوصی ادارہ المصطفیٰ سینٹرآف ہوپ میں زیرتعلیم طلبہ کی سالانہ نتائج کی تقریب کل ( بدھ کو) ہو گی۔ ویلفیئرسوسائٹی کے ترجمان کے مطابق تقریب میں خصوصی بچوں کونمایاں کارکردگی پر انعامات ،تحائف اور المصطفیٰ انڈسٹریل ہوم کی فارغ التحصیل طالبات کو اسناد بھی دی جائیں گی۔

صدر المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی آزادکشمیر عتیق احمدکیانی کی زیرصدارت تقریب المصطفیٰ کمپلیکس میں ہوگی ،جس میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہاء زندگی کے افراد اور خصوصی بچوں کے والدین و سرپرست شرکت کریں گے۔ تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں معذوربچے تلاوت ، حمدونعت،ملی ترانے اور ٹیبلو بھی پیش کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی آزادکشمیرمیں خصوصی بچوں کے ممکنہ حد تک علاج و معالجہ کے ساتھ ساتھ ان کی استعدادکار بڑھانے کےلئے خصوصی تعلیم کا انتظام کر رہی ہے جس کا مقصد ان خصوصی بچوں کو دوسروں کا دست نگر ہونے سے بچانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بچوں کو اس قابل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ بنیادی نوعیت کے کا م خود کر سکیں اور لکھنا پڑھنا سیکھ سکیں۔اس حوالے سے المصطفیٰ سینٹر آف ہوپ نے نمایاں کام کیا ہے اور کامیابی کے ساتھ یہ سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہاکہ المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی اپنے محدود وسائل کے باوجود خصوصی بچوں کی خدمت کا یہ فریضہ انجام دیتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں