سانگلہ ہل عالمی یوم الارض منایا گیا،آگاہی سیمینار کا انعقاد،پودے بھی لگائے گئے

زمین کی حفاظت ہم سب کی یکساں ذمہ داری ہے، آگاہی سیمینار میں مقررین کا خطاب

منگل 23 اپریل 2024 12:39

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) سانگلہ ہل میں بھی عالمی یوم الارض منایا گیا،محکمہ جنگلات اور ریسکیو1122کے اشتراک سے گورنمنٹ علامہ ماڈل ہائی سکول میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور سکول کے احاطے میں پودے لگائے گئے،سیمینار کی صدارت پرنسپل حاجی ملک محمد افضل ملک نے کی،اس موقعہ پرصدر عوامی ویلفیئر سوسائٹی میاں طارق جمیل،انچارج ریسکیوشاہد یوسف،کمیونٹی انسٹرکٹررانا فیصل اقبال،ذیشان ظفر،محکمہ جنگلات سے ناصر محمود،سینئر ہیڈ ماسٹر میاں طاہر شہزاد اور ہیڈ ماسٹر محمد شہباز مرزا نے خطاب کیا،مقررین نے کہا کہ زمین کی حفاظت ہم سب کی یکساں ذمہ داری ہے، جس کے تحت ہر سال دنیا بھر میں 22 اپریل کو ''ارتھ ڈی''منایا جاتا ہے تاکہ زمین کو درپیش ماحولیاتی خطرات کی آگاہی پیدا کی جا سکے،اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد کرہ ارض کو درپیش خطرات کے حوالہ سے عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے، انسان نے اپنی ضروری اور غیر ضروری سرگرمیوں سے زمین کے قدرتی نظام پر گہرے منفی اثرات مرتب کئے جن کا خمیازہ ہم آج زلزلوں، سمندری طوفانوں، خشک سالی، وائلڈ فائرز اور قحط وغیرہ جیسی قدرتی آفات کی صورت میں بھگت رہے ہیں اور اگر مناسب اقدامات نہ اٹھائے گئے تو مستقبل میں قدرتی آفات کی شرح مزید بڑھے گی، انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے پہلے 1970ئ کو اقوام متحدہ کے زیر انتظام امریکہ میں زمین کا عالمی دن منایا گیا تھا جس کا مقصد دنیا بھر کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کیلئے زیادہ سے درخت لگانے کی جانب راغب کرنا ہے اور آج:54 برس بعد دنیا بھر کے ممالک بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی سے زمین کو بچانے کیلئے شجر کاری مہم چلا رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ زمین اور قدر تی ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لئے پلاسٹک بیگز کے استعمال کا خاتمہ ضروری ہے، پلاسٹک بیگ زندگی کے لئے انتہائی مضر ہیں، حکومت پنجاب نے پلاسٹک بیگ پر 5 جون 2024 سے پابندی عائدکر دی ہے لہٰذا عوام کپڑے اور کاغذ کے تھیلوں کو ترجیح دیں۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں