محکمہ وومین ڈولپمنٹ کی جانب سے سائبر کرائم کی روک تھام کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

منگل 22 اکتوبر 2019 16:48

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) محکمہ وومین ڈولپمنٹ کی جانب سے اسکول کی طالبات کو الیکٹرانک سائبر کرائم کی روک تھام کے سلسلے میں سندھ حکومت کی جانب سے بنائے گئے قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے ایک سیمینار گورنمنٹ گرلز فاطمہ جناح ہائیر سیکنڈری اسکول نواب شاہ میں منعقد ہوا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر وومین ڈولپمنٹ نسیم حسن مستوئی،اسکول کی پرنسپل حمیرا میر،اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر بینظیرجمالی، سوشل ویلفئیر افسر زاہدہ زرداری، انچارج پولیس وومین کمپلین سیل نوابشاہ فاطمہ، یاسمین سومرو ودیگر مقررین نے کہا کہ اس جدید دور میں خواتین کو موبائل فون ، فیس بک،انٹرنیٹ اور دیگر جدید رابطوں کے ذرائع کے استعمال اور الیکٹرانک سائبر کرائم کے بڑہتے ہوئے واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت کی جانب سے الیکٹرانک سائبر کرائم کی روک تھام ایکٹ 2016 اسمبلی سے پاس کرایا گیا ہے جبکہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے دیگر قانون سازی بھی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے مزید کہا کہ خواتین کو سوشل میڈیا کے محفوظ استعمال اور ان کو اپنے حقوق کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے مہم شروع کی گئی ہے تاکہ بچیوں کوموبائل اور سوشل میڈیا کے ذریعے بلیک میل ہونے سے بچایا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں خواتین کو معلوم ہونا چاہئے کہ ان کے حقوق کون سے ہیں اور حکومت کی جانب سے کون سے قوانین بنائے گئے ہیں تاکہ وہ ان قوانین کا سہارا لیکر اپنے حقوق حاصل کرسکیں۔

اس موقع پر مقررین نے مزید کہا کہ نوکری پیشہ خواتین اور زیر تعلیم طالبات کو سوشل میڈیا کے درست استعمال کے متعلق آگاہی فراہم کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس موقع پر اسکول کی طالبات کی جانب سے سائبر کرائم کی روک تھام کے متعلق تقاریر اور ٹیبلو ز پیش کئے گئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو سرٹیفکیٹ بھی دئے گئے۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں