پرویز خٹک بتائیں اقتدار حاصل کرنے کیلئے کتنی پارٹیاں بدلیں، لیاقت خٹک

سب کو برا کہنے والے میرے بھائی کے دعوؤں سے تو ایسا معلوم ہورہا ہے کہ وہ کل یہ بھی دعویٰ کرے گا کہ پاکستان قائد اعظم نے نہیں میں نے بنایا ہے، لیاقت خان خٹک کا خطاب

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 8 جنوری 2024 23:43

پرویز خٹک بتائیں اقتدار حاصل کرنے کیلئے کتنی پارٹیاں بدلیں، لیاقت خٹک
نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جنوری2024ء) لیاقت خٹک نے اپنے بھائی پرویز خٹک سے سوال کیا ہے کہ وہ بتائیں اقتدار حاصل کرنے کیلئے کتنی پارٹیاں بدلیں۔ انہوں نے نوشہرہ میں انتخابی مہم کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ سب کو برا کہنے والے میرے بھائی کے دعوؤں سے تو ایسا معلوم ہورہا ہے کہ وہ کل یہ بھی دعویٰ کرے گا کہ پاکستان قائد اعظم نے نہیں میں نے بنایا ہے۔

لیاقت خٹک کا مزید کہنا تھا کہ مجھے پارٹیاں بدلنے کا طعنہ دینے والا میرا سگا بھائی پرویز خٹک بتائے تم نے اقتدار کے لئے کتنی پارٹیاں بدلیں، مجھے تو پارٹیاں بدلنے پر تم نے مجبور کیا، پرویز خٹک اپنے بھائی کا اپنا نہ بن سکا وہ کسی اور کیا بھلا چاہے گا۔ لیاقت خٹک کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک کو انتخابات کے دنوں میں اپنا حجرہ یاد آجاتا ہے، مانکی شریف کے لوگوں سے پوچھتا ہوں کہ اس کا حجرہ پہلے کبھی کھلا دیکھا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا تھا کہ لیاقت خٹک کی پہچان میری وجہ سے تھی۔ نوشہرہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں پرویز خٹک نے کہا کہ میرا بھائی لیاقت خٹک جے یو ائی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے نکلا ہے، اس کی پہچان میری وجہ سے تھی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگوں نے لیاقت خٹک کو میرے نام پر ووٹ دیا تھا۔پرویز خٹک نے مزید کہا کہ الیکشن قریب آتے ہی سیاسی فنکار اپنی سیاسی فلم کی پروموشن کیلیے نکل آئے ہیں۔اٴْن کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دن عوام میں سیاسی فنکاروں کی یہ فلم بری طرح ناکام ہوگی۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں