پی ٹی آئی کو خیبرپختونخواہ میں بڑی جماعت بھی میں نے بنایا اورصفایا بھی میں کروں گا

بانی پی ٹی آئی تکبرانہ انداز میں کہتے تھے کسی کے جانے سے فرق نہیں پڑتا، انتخابات کےدن ثابت کروں گا کہ کتنا فرق پڑا، شیر ، تیر اور کتاب والوں کو خیبرپختونخواہ میں حکومت بنانے کا کوئی حق نہیں۔ سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینزپرویزخٹک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 24 جنوری 2024 20:29

پی ٹی آئی کو خیبرپختونخواہ میں بڑی جماعت بھی میں نے بنایا اورصفایا بھی میں کروں گا
نوشہرہ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔24 جنوری 2024ء) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویزخٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو خیبرپختونخواہ میں بڑی جماعت بھی میں نے بنایا، صفایا بھی میں کروں گا،شیر ، تیراور کتاب والوں کو خیبر پختونخواہ میں حکومت بنانے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے نوشہرہ میں ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو خیبر پختونخواہ کی بڑی جماعت بنانے میں سب سے زیادہ کوشش میری تھی، خیبرپختونخواہ سے پی ٹی آئی کا صفایا کروں گا، بانی پی ٹی آئی تکبرانہ انداز میں کہتے تھے کسی کے جانے سے فرق نہیں پڑتا، انتخابات کے دن ثابت کروں گا کہ میرے جانے سے کتنا فرق پڑا۔

انہوں نے کہا کہ شیر ، تیراور کتاب والوں کو خیبرپختونخواہ میں حکومت بنانے کا کوئی حق نہیں، فضل الرحمان، نوازشریف اور زرداری نے اس صوبے کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے بھی اتوار کو ملک بھر میں باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا ہے، ایکس پر ترجمان پی ٹی آئی کے جاری بیان کے مطابق انتخابات سے قبل کھلے عام عوام میں جانے اور باہر نکل کر انتخابی مہم چلانے کے معاملے پر ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم اور امیدواران اتوار کو ملک بھر خصوصاً پنجاب میں اپنی باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، بانی چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں تحریک انصاف کی قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار اپنی پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے، قوم اڈیالہ جیل میں بےگناہ قید اپنے لیڈر اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔

قومی انتخابات پر جبروفسطائیت اور بدترین دھاندلی کے گہرے بادلوں کے باوجود تحریک انصاف جمہوری انداز میں ملک کو دستورو قانون کیطرف لے جانے کی کوششیں کررہی ہے، عوام کے حقِ رائے دہی پر ڈاکے کی تمام تر کوششیں عوام کی تائید و معاونت سے ہی کامیاب بنائیں گے، پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کا حق ہمیں دستور دیتا ہے، ریاستی مشینری آئین کا احترام کرے جبکہ عدالتِ عظمیٰ دستور کی بالادستی کو یقینی بنائے۔ 

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں