کرپشن کے معاملہ میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے، ڈی پی اواوکاڑہ

منگل 23 اپریل 2019 23:48

اوکاڑہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اطہر اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور انسپکٹرجنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن ، ریٹائرڈ عارف نواز کے وژن کے مطابق پولیس فورس اپنے فرائض سرانجام دے گی اس سے رو گردانی کرنے والا گھر بھیج دیا جائے گا، رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی، پولیس سے کرپشن کا خاتمہ ، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری ، شہریوں سے خوش اخلاقی سے برتائو اور عاد ی مجرمان کے خلاف گھیر ا تنگ کرنا ہمارے اہداف میں شامل ہے ۔

ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او اطہر اسماعیل نے ان خیالات کا اظہار ماہانہ کرائم میٹنگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں رمضان بازار ، مساجد ، بالخصوص نماز فجر اور نماز تراویح کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کے حوالے سے حتمی شکل دی گئی۔ ڈی پی او اطہر اسماعیل نے کہا کہ کرپشن کے معاملہ میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے جس ایریا میں کرائم میں اضافہ ہو گا میں سمجھوں گا کہ وہاں کے پولیس افسر اور ملازم رشوت لے کر اپنے فرائض کو پس پشت ڈال رہے ہیں انہو ںنے 30اپریل تک اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کی مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اشتہاری مجرموں کو کھلے عام گھومنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی تمام پولیس افسران اور ملازمین کی کارکردگی اشتہاری مجرموں کی گرفتاری سے مشروط ہوگی ہر پولیس افسر کا فرض ہے کہ وہ شریف شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے تاکہ معاشرہ میں پولیس کا مثبت امیج نمایاں ہو اگر پولیس فورس معاشرہ کے افراد کو عزت اور احترام دے گی تو خدا کے اصولوںکے مطابق ہمیں بھی عزت و احترام ملے گا تاہم عادی مجرمان سے کسی قسم کی رو رعایت نہیںرکھی جائے گی ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں