حکومت سندھ نئے بجٹ میں 30 ہزار سے زائد کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر نے کے لئے پالیسی طے نہ کر سکی

مستقل نہ ہونے کی صورت میں کنٹریکٹ ملازمین کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئیں ، غیر مستقل ملازمین شدید پریشانی کا شکار

پیر 17 اپریل 2017 17:22

پنگریو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2017ء) حکومت سندھ نئے بجٹ میں 30 ہزار سے زائد کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر نے کے لئے پالیسی طے نہ کر سکی ، مستقل نہ ہونے کی صورت میں کنٹریکٹ ملازمین کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئیں ، غیر مستقل ملازمین شدید پریشانی کا شکار، تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف وفاقی اداروں کے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجزملازمین کو نئے بجٹ میں مستقل کر نے کی پالیسی طے کر نے کے باوجود حکومت سندھ نے تاحال صوبے کے تیس ہزار سے زائد کنٹریکٹ، ڈیلی ویجز اور دیگر غیر مستقل سرکاری ملازمین کو مستقل کر نے کے لئے کوئی ہوم ورک نہیں کیا اور نہ ہی تاحال صوبائی محکموں سے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کی تفصیل منگوائی گئی ہے اس صورتحال میں سندھ کے ہزاروں کنٹریکٹ ملازمین جن کا کنٹریکٹ عنقریب ختم ہونے والا ہے کی ملازمتیں ختم ہو نے کا اور ان کے بے روزگار ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے حکومت سندھ کی جانب سے گزشتہ مالی سال کے دوران بھی کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل نہیں کیا گیا تھا حکومت سندھ کی جانب سے گزشتہ سال کے بجٹ سے قبل کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر نے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر بجٹ پیش کرنے سے عین چند دن قبل یہ فیصلہ تبدیل کر دیا گیا چند روز قبل وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی محکموں کے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کر نے کی پالیسی طے کر نے کے باوجود حکومت سندھ نے تا حال صوبے کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر نے کے لئے کوئی پالیسی تشکیل نہیں دی اور نہ ہی اب تک اس سلسلے میںا علیٰ سطح کا اجلاس ہوا ہے ذرائع سے معلوم ہو اہے کہ سندھ میں مختلف محکموں کے تیس ہزار سے زائد ملازمین کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر کام کر رہے ہیں جن میں سے اکثریت کی مدت ملازمت عنقریب ختم ہو نے والی ہے اور صوبائی بجٹ میں مستقل نہ کئے جانے کی صورت میں ان ملازمین کی نوکریاں ختم ہو جائیں گی اس صورتحال میں صوبے کے کنٹریکٹ ملازمین میں شدید مایوسی پھیل گئی ہے اس حوالے سے کئی کنٹریکٹ ملازمین نے رابطہ کر کے بتایا کہ حکومت سندھ صوبے کے غیر مستقل ملازمین کو مستقل کر نے کے لئے کوئی دلچسپی نہیں لے رہی اور اس سال بھی لگتا ہے کہ صوبائی حکومت عارضی ملازمین کو مستقل کر نے میں سنجیدہ نہیں ہے ان ملازمین نے بتایا ہے کہ اگر انہیں موجودہ بجٹ میں مستقل نہ کیا گیا تو ان کی مدت ملازمت ختم ہو جائے گی اور وہ بے روزگار ہو جائیں گے ان ملازمین نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت نے اپنے ملازمین کو مستقل کر نے کا فیصلہ کیا ہے تو حکومت سندھ کو بھی صوبے کے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کر نے کا فوری اعلان کرنا چاہیئے تاکہ کنٹریکٹ ملازمین بے روزگار ہو نے سے بچ سکیں کنٹریکٹ ملازمین نے وزیر اعلیٰ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے ہزاروں کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر کے ان ملازمین اور ان کے خاندانوں کو فاقہ کشی سے بچائیں۔

متعلقہ عنوان :

پنجگور میں شائع ہونے والی مزید خبریں