جمعیت علماء اسلام ضلع پنجگور کے نائب امیر اور معروف عالم دین مولانا عبدالحئی کا قتل کھلی دہشتگردی ہے ،سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری

بزدلانہ حرکت اور علماء کرام کی شہادت سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، صحافیوں سے گفتگو

اتوار 30 مئی 2021 00:21

پنجگور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2021ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع پنجگور کے نائب امیر اور معروف عالم دین مولانا عبدالحئی کا قتل کھلی دہشت گردی ہے جسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اس جیسے بزدلانہ حرکت اور علماء کرام کی شہادت سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں پنجگور پریس کلب کے صحافیوں سے ٹیلفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح پنجگور میں بھی علماء کرام کو مسلسل نشانہ بنایا جارہاہے۔جوکہ ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور پنجگور انتظامہ اور پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

شہر میں چوری اور ڈکیتی کا بازار گرم ہے نہ کسی کی جان محفوظ ہے نہ مال۔

اس تشویش ناک صورت حال سے پورا علاقہ ایک قرب میں مبتلا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ناگفتہ بہ صورت حال پر اب ہم خاموش نہیں رہیں گے۔۔ اگر حکمران اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں۔مولانا عبدالغفور حیدری نے آئی جی پولیس بلوچستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ مولانا عبدالحئی کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

پنجگور میں شائع ہونے والی مزید خبریں