خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ سے سرکاری حکام اور افسران کی الوادعی ملاقات

ہم نے حکمرانی میں جدت کے عنصر کو متعارف کرایا، انتظامی کمزوریوں کا ازالہ کیا، جسٹس (ر )دوست محمد خان

بدھ 15 اگست 2018 23:43

خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ سے سرکاری حکام اور افسران کی الوادعی ملاقات
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر )دوست محمد خان نے کہا ہے کہ ہم نے حکمرانی میں جدت کے عنصر کو متعارف کرایا، انتظامی کمزوریوں کا ازالہ کیا، سکیورٹی کو جدید دور کے مطابق کرنے کیلئے 34 ایس او پیز دیئے ، انتظامی اور سکیورٹی اقدامات میں تسلسل لائے اور مسلسل مانیٹرنگ کی ،یہی ہماری کامیابی کے عوامل تھے ۔

سرکاری اہلکاروں کومستعد کیا ، ہر سرکاری اہلکارسے اُس کے متعلقہ شعبے میں بہترین کارکردگی لی، اداروں میں مداخلت کو ختم کیا۔ الیکشن کے پرامن اور کامیاب انعقاد کیلئے سب کو سنا، تجاویز لیں ، آنکھیں بند کرکے اُس پر عمل نہیں کیا بلکہ اُن تجاویز کو پرکھا اور بہترین تجاویز پر عمل درآمد کرکے شرپسندوں کوکسی قسم کا کھیل کھیلنے نہیں دیا۔

(جاری ہے)

ہماری آج کی کامیابی ہمارے گزشتہ اقدامات کی عکاس ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے آج وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے افسران سے الوادعی ملاقات کے دوران کیا ۔اُنہوںنے نگران حکومت کی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے مجموعی عمل میں سرکاری حکام و افسران کے تعاون اور کارکردگی کو سراہا اور کہاکہ کامیاب اور پرامن انتخابات کا انعقاد ایک بھاری ذمہ داری اور بڑا چیلنج تھا۔

الله تعالیٰ کے فضل و کرم سے سرکاری مشینری کی مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہم اس اہم آئینی ذمہ داری میں سرخرو ہوئے جو بلا شبہ ایک بڑی کامیابی ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ نگران حکومت کی پالیسی اور وقتاً فوقتاً جاری کردہ ہدایات پر بروقت عمل درآمد کی وجہ سے کامیابی سے ہمکنار ہوئے ۔ اُنہوںنے کہاکہ وہ تمام معا ملات کی خود نگرانی کرتے رہے اور رات بھر جاگتے رہے تاکہ آئینی ذمہ داریوں کی تکمیل ممکن ہو سکے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے ۔

اُن کی حکومت نے اپنے محدود اختیارات کے باوجود حتی المقدور کوشش کی ہے کہ عوام کو ریلیف دے ۔ مختصر وقت میں جس قدر ممکن ہو سکتا تھا اُنہوںنے سماجی خدمات کے اداروں کو اُن کے اصلی مینڈیٹ کے مطابق فعال بنانے کی کوشش کی تاکہ آنے والی منتخب حکومت کو ایک قابل عمل روڈ میپ دے سکیں۔ اُنہوںنے کہا کہ انتخابات کا کامیاب انعقاد ہو یا صوبائی محکموں میں اصلاحات کا عمل ، ہر سطح پر متعلقہ صوبائی محکموں اور افسران نے اخلاص کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا جو قابل تحسین ہے ۔

اس موقع پر سرکاری حکام و افسران نے بھی نگران وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ نگران وزیراعلیٰ کی سرپرستی میں کام کرکے منفرد اور مختلف قسم کے تجربات سیکھنے کو ملے ۔اُنہوںنے نگران وزیراعلیٰ کی توقعات اور اعتماد پر پورا اُترنے کی ہر ممکن کو شش کی ہے تاکہ نگران حکومت کو آئین کے تحت دیئے گئے اختیارات اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کا عمل بہتر انداز میں ممکن ہو سکے ۔ اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں