قومی وطن پارٹی کا مہنگائی کو لگام دینے میں ناکامی پر حکومت کے خلاف احتجاج شروع کرنے کا اعلان

ملک نے اپنی 74 سالہ تاریخ میں اس قدر مہنگائی اور بے روزگاری کبھی نہیں دیکھی، اگرچہ پاکستان تحریک انصاف نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس نے اب تک پچاس لاکھ افراد کو بے روزگار کردیا ہی: چیئرمین آفتاب احمد خان شیر پائو پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تشکیل کو مسترد کرتے ہیں حکومت صحافت کو دبانا چاہتی ہے ، الیکشن کمیشن کو دبانے کی مذمت کرتے ہیں ،حکومت اپنی مرضی منوانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کی جانب سے سیریز ملتوی کرنا ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال کی عکاسی ہی: مختلف جگہ پر عوامی اجتماعات سے خطاب

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے مہنگائی کو لگام دینے میں ناکامی پر حکومت کے خلاف احتجاج شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے اپنی 74 سالہ تاریخ میں اس قدر مہنگائی اور بے روزگاری کبھی نہیں دیکھی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے رشکئی تحصیل شبقدر ضلع چارسدہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آفتاب شیرپائو نے کہا کہ اگرچہ پاکستان تحریک انصاف نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس نے اب تک پچاس لاکھ افراد کو بے روزگار کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریبا 17 ہزار سرکاری ملازمین کو برطرف کر دیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ ان کی جماعت نے مجوزہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تشکیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد صحافیوں سے آزادی چھیننا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پریس کو دبانا چاہتی ہے کیونکہ وہ تنقید برداشت نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ جو دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگاتا ہے وہ ایک شعر سننے کی سکت نہیں رکھتا۔آنے والے عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کی مخالفت کرتے ہوئے کیو ڈبلیو پی کے سربراہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو اپنی ناکامی نظر آنے لگی ہے اس لیے اب وہ انتخابات میں دھاندلی کی سازش کر رہے ہیں۔

انھوں نے الیکشن کمیشن پر دبائو ڈالنے کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی مرضی منوانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں پی ٹی آئی حکمران عوام کو دھوکہ دینے کیلئے مختلف بہانے تراش رہے ہیں۔آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ حکومت زیادہ قیمتوں پر گندم درآمد کرنے جا رہی ہے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا۔

''مہنگی ایل این جی، پی او ایل، بجلی یا بڑھتی ہوئی مہنگائی، حکمران ذمہ داری لینے کے بجائے سابقہ حکومت کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تین سالوں سے مرکز میں جبکہ خیبر پختونخوا میں آٹھ سال سے حکومت کر رہی ہے لہٰذا اسے حیلے بہانے تراشنے کا کوئی جواز نہیں۔انہوں نے دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ امن و امان خراب ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرضروری اقدامات نہ کیے گئے تو حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کی جانب سے سیریز ملتوی کرنا ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال کی عکاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبی(CPEC) پر کام سست روی کا شکارہے۔

آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ انضمام شدہ اضلاع کے لوگوں میں عدم اطمینان بڑھ رہا ہے کیونکہ حکومت وہاں پرترقیاتی منصوبوں کے لیے وعدہ کردہ فنڈز جاری کرنے میں ناکام رہی۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو،مرکزی سینئر وائس چیئرمین و سابقہ سینیٹر حاجی غفران،صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل،صوبائی وائس چیئرمین نصراللہ خان،شمشیر خان،صوبائی جائنٹ سیکرٹری بابر علی خان،ضلع چارسدہ کے پارٹی عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں