انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد میں پولیس چوکی کا افتتاح

صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے،سی سی پی اوقاضی جمیل الرحمن

جمعہ 14 ستمبر 2018 23:06

پشاور۔14 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2018ء) سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان نے انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد میں انڈسٹریل اسٹیٹ پولیس چوکی کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پربزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور ‘ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری ‘انڈسٹریل اسٹیٹ حیات ایسوسی ایشن کے صدر زر ک خان خٹک ‘ انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر ایوب زکوڑی ‘ نائب صدرحارث مفتی ‘ چیئرمین انڈسٹریل پولیس لیزان کمیٹی ملک عمران اسحق ‘ ایس ایس پی پشاور ‘ ایس پی کینٹ ‘ کے پی ازمک کے چیف ایگزیکٹو سعید احمد اور ایسوسی ایشن کے سابق صدور اور ایگزیکٹو اراکین بھی موجود تھے ۔

انڈسٹریل اسٹیٹ پولیس چوکی کی عمارت انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد ایسوسی ایشن کی جانب سے تعمیر کی گئی ہے اور ایسوسی ایشن کی طرف سے سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان کو پولیس چوکی کے انچارج ایڈیشنل ایس ایچ او کے لئے گاڑی کی چابی بھی دی گئی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان ‘سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری اور ایوب زکوڑی نے خطاب کیا اور کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد اور یہاں کے صنعتکاروں کی جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور بزنس کمیونٹی کے باہمی تعاون سے صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد میں پولیس چوکی کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں پولیس چوکی کا قیام بزنس کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ تھا جو پورا ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پولیس چوکی کے قیام سے صنعتکاروں کو تحفظ ملے گا ۔ بعد ازاں سینیٹر الیاس احمد بلور ‘سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری اور سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان سمیت ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے پولیس چوکی کا دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں