قبائلی اضلاع میں 16صوبائی نشستوں پر حلقہ بندیوں کا کام جاری ہے، ابتدائی فہرست 31دسمبر کو جاری کی جائیگی،ہارون شینواری

جمعہ 14 دسمبر 2018 18:43

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) صوبائی الیکشن کمشنرخیبر پختونخوا کے دفتر کے ڈائریکٹرجینڈرافیئرز ہارون خان شینواری نے کہاہے کہ قبائلی اضلاع میں 16صوبائی نشستوں پر حلقہ بندیوں کا کام جاری ہے، ابتدائی فہرست 31دسمبر کو جاری کی جائیگی جبکہ عوام اعتراضات یکم جنوری سے 30جنوری کے درمیان الیکشن کمیشن کے پاس جمع کراسکیں گے جن پر فیصلہ یکم مارچ تک کیا جائیگا،حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 4مارچ کو شائع کی جائیگی،انہوں نے کہاکہ ورکنگ گروپ کے ممبران کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جارہا ہے، اس کا دائرہ دوسرے اضلاع تک بھی بڑھایا جائیگا، ہر ضلع میں پہلے ہی ووٹر ایجوکیشن کمیٹیاں فعال کردار ادا کررہی ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے پیمان الومنی ٹرسٹ کے دفتر میں جینڈر اینڈ ڈس ابیلیٹی الیکٹورل ورکنگ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میںفوکل پرسن برائے ووٹر ایجوکیشن سہیل احمداور ورکنگ گروپ کے ممبران پیمان ٹرسٹ کے محمد اسفندیار خان،ایس پی ڈی اے کے صدر احسان اللہ ،بلیو وینز کے صابر علی، اسلامیہ کالج کے لیکچرار شکیل اقبال، د لاس گل کے سید ظفر علی شاہ، یو این ڈی پی کے لائزان آفیسر بلال خٹک ، اوئر گرلز کے سلمی بی بی ، کرن فدا،مدیحہ شاہ، ڈپٹی دائریکٹر افراہیم عنایت، اجمینہ بی بی، عنبرین اور محمد بلال نے بھی شرکت کی۔

ہارون شینواری نے کہاکہ طلبہ و طالبات کیلئے اگلے مہینے سے ووٹر آگاہی مہم شروع کر رہے ہیں،مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کو اس سلسلے میں تعاون کیلئے مراسلے ارسال کئے گئے ہیں،طلبہ و طالبات کی انتخابی عمل میں آگاہی مہم اگلے سال جنوری میں شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں پشاور میں مختلف تعلیمی اداروں بشمول پشاور یونیورسٹی اور اس کے تمام ڈیپارٹمنٹس ، اور کالجز کے سربراہوں کوخصوصی مراسلے ارسال کئے گئے ہیں،اس کے علاوہ پرائیویٹ یونیورسٹیوں اور کالجوں کے سربراہوں کو بھی مراسلے لکھے گئے ہیںتاکہ وہ آگاہی مہم کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں۔

انہوں نے کہاکہ معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص خواتین اور معذور افراد کی سیاسی اور انتخابی عمل میں شرکت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، اس لئے سیاسی جماعتیں ، سول سوسائٹی اور میڈیا معاشرے کے ہر فرد بالخصوص خواتین اور معذور افراد کی سیاسی اورانتخابی عمل میں شر کت یقینی بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوںنے کہاکہ حالیہ عام انتخابات میں مخصوص افراد کو پولنگ اسٹیشن میں ہر ممکن سہولیات فراہم یقینی بنانیکی بھر پور کوشش کی گئی تاکہ وہ آسانی سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں،ایسے افراد جن کا ووٹ شناختی کارڈ میں درج مستقل اور موجودہ ایڈریس کے علاوہ دیگر ایڈریس پر بنا ہو۔

ان سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ 31دسمبر تک اپنا ووٹ شناختی کارڈ میں درج ایڈریس پر منتقل کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کے دفتر سے رابطہ کریں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ہارون خان شینواری نے اجلاس کو بتایاکہ جینڈر گروپ کے لئے ورک پلان کے سلسلے میں ممبران کے قابل عمل اور مفید تجاویز کا خیر مقدم کیا جائیگا۔ اس سے پہلے اجلاس سے فوکل پرسن برائے ووٹر ایجوکیشن سہیل احمد نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہااور پیمان ٹرسٹ کے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

جنہوں نے یہ اجلاس اپنے دفتر میں منعقد کیا۔ اس موقع پرورکنگ گروپ کے ممبران نے ورکنگ گروپ کو فعال بنانے پر الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا، مختلف تجاویز دیں، اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ جینڈر گروپ کا آئیندہ اجلاس یو این ڈی پی پشاور کے دفتر میں جنوری 2019میں منعقد کی جائیگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں