سانحہ آرمی پبلک اسکول :قوم کاننھے شہدا کو زبردست خراج تحسین

دلخراش واقعے کے بعد پوری قوم دہشت گردی کیخلاف متحدہ ہوئی:وزیراعلیٰ کے پی شہدا ہمارے ہیرو ہیں ،بچوں کی لازوال قربانیوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے :گورنر خیبرپختونخوا سفاک دہشت گردوں کے حملے میں بچوں سمیت 150افراد شہید ہوئے تھے

اتوار 16 دسمبر 2018 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2018ء) آرمی پبلک اسکول پشاور (اے پی ایس) میں دہشت گرد حملے کو 4برس بیت گئے لیکن طلباء سمیت تمام شہداء کی قربانیاں قوم کبھی نہ بھول سکی ۔اتوار کو آرمی پبلک اسکول(اے پی ایس )شہداء کی چوتھی برسی پر پشاور سمیت ملک بھر میں ننھے بچوں سمیت تمام شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خانی کا اہتام بھی کیا گیا ۔

اے پی ایس کی چوتھی برسی پر وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دلخراش واقعے کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے متحد ہوگئے ہیں اور آج پوری قوم آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے جبکہ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا ہمارے ہیرو ہیں ،نوعمر بچوں کی لازوال قربانیوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ دلخراش واقعہ 16 دسمبر 2014 کو پیش آیا جب صبح طلباء علم کے حصول کے لیے گھر سے اسکول گئے تھے، وہ ابھی اسکول میں علم کی شمع سے روشناس ہورہے تھے کہ 10 بجے کے درمیان 7 دہشت گرد اسکول کے اندر داخل ہوئے اور معصوم طلباء سمیت پرنسپل اور دیگر افراد کو بے رحمی سے شہید کیا،یہ وہ دن تھا جس کا سورج حسین تمناؤں اور دلفریب ارمانوں کے سنگ طلوع ہوا مگر غروب 132 معصوم و بے قصور بچوں کے لہو کیساتھ ہوا ،تاہم یہ وہ سانحہ تھا جس نے ہر محب وطن پاکستانی کو دلگیر و اشکبار کیا،16 دسمبر 2014 کو اے پی ایس پشاور لہو لہو ہوا تو ملت پاکستان نے بھی رب ذوالجلال کو گواہ بنا کر یہ عہد کر لیا کہ جب تک عرض پاک سے آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہ ہو جائے حق و باطل اور بقا و فنا کی یہ جنگ جاری رہے گی

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں