کوہاٹ میں 79واں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر)واحد محمود کی سربراہی میںپولیس کی جانب سے ریلی نکالی گئی

ہفتہ 23 مارچ 2019 23:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) کوہاٹ میں 79واں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا گیا۔اس حوالے سے شہر بھر میں رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیاگیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر)واحد محمود کی سربراہی میںپولیس کی جانب سے پشاور چوک تا کچہری چوک ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں سول سوسائٹی ،طلباء و تاجر تنظیموں،سیاسی رہنمائوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ پولیس لائن کوہاٹ میںپولیس جوانوں کے تازہ دم دستوں نے خصوصی پریڈ کا انعقاد کرکے دن کا آغاز کیا۔

یوم پاکستان کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں تقسیم انعامات کے حوالے سے خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ 23مارچ کی صبح ڈی پی او کوہاٹ نے کیک کاٹ کرکچہری چوک میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب کا افتتاح کیا ۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس سربراہ نے شہر کی سڑکوں پر لوگوں اور خصوصاً چھوٹے بچوں میں پاکستانی قومی پرچم کی جھنڈیاں تقسیم کیں۔یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او کیپٹن(ر)واحد محمود کا کہنا تھا کہ قرار داد پاکستان ہمیں دعوت دیتی ہے کہ جو ملک لاکھوں جانوں کی قربانیوں سے حاصل کیاگیا ہے اسکی تعمیر وترقی کیلئے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا جائے اور تمام تر علاقائی ،مسلکی ،لسانی اور سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر دفاع واستحکام پاکستان کیلئے کام کیا جائے۔

انہوںنے کہا کہ23مارچ 1940کو متفقہ قرار داد کے ذریعے منظور کردہ تحریک پاکستان کا شمار دنیا کی عظیم ترین انقلابی تحریکات میں ہوتا۔یہ تحریک برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کی آرزوئوں اور امنگوں کی مظہر تھی اس تحریک کی بنیاد دو قومی نظریہ تھا اور یہ دو قومی نظریہ صرف پاکستان کا نہیں بلکہ قرآن و سنت کا نظریہ اور اسلامی ریاست کا ایک اہم اصول ہے جسکا حاصل یہ ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان ایک ملت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 23مارچ پاکستان کی تاریخ میں بڑی اہمیت کا حامل دن ہے ۔یہ وہ دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک منزل کا تعین کیا اور پھر قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت وسیادت میںمنزل کے حصول کیلئے ڈٹ گئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ملکر ملک میں امن قائم کیا ہے ۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس و سیکیورٹی فورسز اور عوام نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جسے کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے ملک کی بقاء اور سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ میں قربانیوں کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔اس موقع پر ریلی اور قریب کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور شہر کی فضا ء پر سبز ہلالی پرچم کی بہار چھائی رہی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں