اے این پی نے مرکز و چاروں صوبوں کی تنظیم سازی کا انتخابی شیڈول جاری کردیا

مرکزی تنظیم2مئی ،صوبوں میں تنظیم سازی کا عمل اپریل کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا

پیر 25 مارچ 2019 19:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی الیکشن کمیشن نے مرکز اور چاروں صوبوں سمیت سرائیکی یونٹ میں تنظیمی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ، اس امر کا اعلان پارٹی کے مرکزی الیکشن کمیشن کے چیئرمین میاں افتخار حسین نے پشاور کے مقامی ہوٹل میں مرکزی الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں کیا، اجلاس میں خیبر پختونخوا سے سید عاقل شاہ، پنجاب سے شفیق احمد،سندھ سے یونس بونیری اور بلوچستان سے داؤد اچکزئی نے الیکشن کمیشن کے اجلاس میں شرکت کی ،اجلاس میں خیبر پختونخوا کیلئے 10اپریل، پنجاب کیلئی12اپریل، سندھ14اپریل،بلوچستان17اپریل جبکہ سرائیکی یونٹ کیلئی20اپریل کو الیکشن کرانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا، مرکزی تنظیم کیلئے انتخابات 2مئی کو کرائے جائیں گے، اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ اے این پی میں ہر چار سال بعد تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جاتا ہے اور تمام کارکنوں کو بلا امتیاز اپنے نمائندے چننے کا اختیار حاصل ہے، انہوں نے کہا کہاے این پی جمہوری اقدار رکھنے والی واحد سیاسی جماعت ہے اور پارٹی کے اندر بھی جمہوریت کی بالادستی قائم رکھتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا تقاضا کرنے والی دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اپنی پارٹی کے اندر نامزدگیوں کی بجائے اے این پی کی تقلید کرتے ہوئے جمہوری انتخابی عمل کو فروغ دینا چاہئے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مرکزی تنظیم کیلئے انتخابی عمل2مئی کو ہو گا جس کے بعد نئی تنظیم سازی کا تمام عمل مکمل ہو جائے گا، انہوں نے تمام صوبائی الیکشن کمیٹیوں کا شکریہ ادا کیا اور مقررہ وقت کے اندر ضلعی تنظیموں کے قیام کا عمل مکمل کرنے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں