ضلع پشاور میں بھی سرکاری اسکول کی طالبات پر عبایا پہننا لازمی قرار

پیر 16 ستمبر 2019 23:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے ضلع ہری پور کے بعد ضلع پشاور کے تمام سرکاری اسکولوں میں بھی طالبات کے عبایا اور گاؤن پہننے کو لازمی قرار دیدیا۔صوبائی مشیر تعلیم کے مطابق ہری پور اور پشاور کے بعد صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اس پر عمل درآمد کروایا جائے گا۔

پشاور میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی سی او) برائے خواتین ثمینہ غنی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ‘پشاور میں خواتین کے تمام سرکاری مڈل ہائی و ہائیر سیکنڈری اسکولز کے سربراہان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اسکول کے اوقات کار پر سختی سے عمل کریں’۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ہدایت کی جاتی ہے کہ تمام طالبات خود کو عبایا، گاؤن یا چادر کے ذریعے مکمل ڈھانپے، جس کا مقصد طالبات کو کسی بھی غیر اخلاقی حرکت سے محفوظ رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

اس میں کہا گیا کہ اس معاملے پر فوری طور پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد کیا جائے۔بعد ازاں ای ڈی او نے بتایا کہ مشیر تعلیم کی ہدایات پر پشاور کے اسکولوں میں طالبات کے لیے پردہ لازمی قرار دیا گیا۔ادھر خیبرپختونخوا کے مشیر تعلیم ضیا اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ پورے صوبے میں طالبات کے لیے پردہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پرائمری، مڈل ہائی و ہائیر سیکنڈری اسکولوں کی خواتین سربراہان کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں