خیبرپختونخوا کو آئی ٹی حب بنانے سے معیشت مضبوط اور غربت کا خاتمہ ہوگا، کامران بنگش معاون خصوصی وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 23 اکتوبر 2019 22:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی کی بدولت آنے والے دنوں میں صوبے کی معیشت میں بہتری آئے گی کیونکہ تمام کاروبار، مواصلات اور دیگر امور زندگی ڈیجیٹلائز ہو رہے ہیں جس سے آئے روز سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی پرانحصار بڑھ رہا ہے۔

اسی لئے خیبرپختونخوا کے سکولوں، کالجوں ،یونیورسٹیز اور نوجوانوں کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر تربیت سازی کر رہے ہیں۔ تاکہ صوبہ سائنس و آئی ٹی کے میدان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو بہترین افرادی قوت دے جو ایک طرف بیروزگاری اور غربت ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی تو دوسری جانب صوبے کے ذرائع آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی معاون خصوصی نے بدھ کو سنو ایف ایم کے پروگرام ستاسو آوز میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

ضم شدہ اضلاع کے لئے محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میںشہری سہولت مراکز پر کام تیزی سے جاری ہے، وہاں پر پہلی فرصت میں سات شہری خدمت مراکز کھول رہے ہیں جبکہ دیگر کو بھی اگلے سال کے پہلے مہینوں میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران اورو زیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی دلچسپی پر ضم شدہ اضلاع کو دیگر اضلاع کی طرزپر آگے لے جا رہے ہیںتاکہ وہاں پر لوگوں کے احساس محرومیوں کو ختم کیا جائے جبکہ اس کے سب سے بہترین مثال شلمان میں سٹیٹ آف دی آرٹ انسٹیٹیوٹ کا قیام ہے۔

سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں خواتین کے لئے روزگار کے مواقع سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ سائنس و آئی ٹی واحد فیلڈ ہے کہ جہاں پر خواتین کے لئے سب سے زیادہ مواقع ہیںکیونکہ زیادہ تر روزگار کے لئے گھر سے نکلنا ہی نہیں پڑتا اور بغیر کسی پریشانی کے وہ گھر بیٹھے ملازمت کر سکتی ہیں جبکہ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ہر پراجیکٹ میں 30 فیصد کوٹہ خواتین کے لئے مختص کیا ہے تاکہ وہ بھی صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

سنو ایف ایم کے سینئراینکر خائستہ رحمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ اس جدید دور میں ریڈیو اب بھی ابلاغ عامہ کا بہترین ذریعہ ہے اور اس کے ذریعے عوامی نمائندے اور عوام قریب لانا ایک احسن قدم ہے۔ جس سے نہ صرف حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے کم ہوتے جا رہے ہیں بلکہ حکومتی اقدامات سے بھی عوام آگاہ ہوجاتے ہیں۔ خصوصی ریڈیو پروگرام میں کامران بنگش نے عوام کے سوالات سنے اور ان کے جوابات بھی دئیے جبکہ اس موقع پر سنو ایف ایم کے سٹیشن منیجر نے و زیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کو بطور یادگار سوینئر بھی پیش کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں