پشاور، تیز دھار آلہ کی نوک پر چھینا گیا رکشہ برآمد، ملزم گرفتار

بدھ 23 ستمبر 2020 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2020ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شہر کے پوش علاقہ گلبہار اور آس پاس کے علاقوں میں سرگرم کار سنیچنگ گروہ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کا تعلق پشاور سے ہے جو گلبہار سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں اسلحہ اور تیز دھار آلہ کی نوک پر غریب شہریوں سے گاڑیاں چھیننے میں ملوث ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران گاڑیاں اور رکشہ چھیننے کے وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جس کے قبضہ سے گلبہار کے علاقہ سے چھینا گیا رکشہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، ملزم سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جار ہی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق مدعی عزیر ولد نوید انور نے تھانہ گلبہار پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس سے کسی نامعلوم ملزم نے تیز دھار آلہ کی نوک پر رکشہ چھین کر فرار ہو گیا جس کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔

(جاری ہے)

ایس پی سٹی وقار عظیم نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی گلبہار سلیم عباس کی سربراہی میں انچارج پولیس پوسٹ گلبہار ایاز خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ملوث ملزم کا سراغ لگا کر گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا۔

سب انسپکٹر ایاز خان نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو شامل تفتیش کرنے سمیت مختلف حساس علاقوں میں سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جس کے دوران ملوث گروہ کا سراغ لگا کر گروہ کے سرغنہ اور مرکزی ملزم رمضان ولد وزیر زادہ سکنہ شاہین مسلم ٹائون کو گرفتار کر لیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے چھینی گئی گاڑیاں اور رکشہ وغیرہ اونے پونے داموں فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے جس سے دوران تفتیش مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں