سرکاری آٹے کے معیار کو برقرار نہ رکھنے پر چارسدہ کی چار اور پشاور کی ایک فلور ملز کا کوٹہ منسوخ کردیا

جمعرات 24 ستمبر 2020 23:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2020ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمن نے عوام کو سرکاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے محکمہ خوراک کی ٹیم کے ہمراہ ضلع پشاور اور ضلع چارسدہ کی نو فلور ملز کے اچانک معائنے کئے۔سرکاری آٹے کے معیار کو برقرار نہ رکھنے پر چارسدہ کی چار اور پشاور کی ایک فلور ملز کا کوٹہ منسوخ کردیا۔

سرکاری آٹے کی مارکیٹ میںفررہمی یقینی بنانے کے لئے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایات جاری کی گئیں۔ اور اس امر پر زور دیا گیا کہ معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق صوبے میں عوام کو سرکاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے محکمہ خوراک میاں خلیق الرحمن نے محکمہ خوراک کے افسران کے ہمراہ اچانک معائنوں کے دوران ضلع نوشہرہ اور چارسدہ کے نو فلور ملزکے اچانک معائنے کئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پشاور کے عابد فلور ملز، صادق فلور ملز، چارسدہ کی کامران فلور ملز، عالم فلور ملز،مشترکہ سرحد پنجاب فلور ملز، چارسدہ فلور ملز، ہشتنگری فلور ملز، مدینہ فلور ملزاور لاثانی فلور ملز کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ملز میں سرکاری گندم کی فراہمی اورڈیلرز کو آٹے کی فراہمی کے ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اور موقع پر ہر ملز سے فون پر ڈیلرز سے کوٹے کی فراہمی اور آٹے کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔

اس موقع پر تمام ملز کے آٹے کے نمونوں کی جانچ کی اور آٹے میں نمی کی مقدار کی زیادتی اور مقرر کردہ معیار کے مطابق نہ ہونے پر محکمہ خوراک کے مجاز حکام نے پشاور کی ایک فلور ملز اور چارسدہ کی چار فلور ملزکے سرکاری آٹے کے کوٹے منسوخ کردئیے۔ اس موقع پر مشیر خوراک میاں خلیق الرحمن نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

عوام کو سرکاری آٹے کی مارکیٹ میں فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل برائے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران دفاتر سے نکل کر اس سخت وقت میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے ہر وقت مارکیٹ میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملز مالکان باقاعدہ ڈیلرز کا ڈیٹا مرتب کرکے رکھا کریں تاکہ موقع پر اس کی چیکنگ ہو سکیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی قسم کی بھی شکایت براہ راست مشیر خوراک کوکریں۔

محکمہ خوراک میں جلد شکایات سنٹر قائم کیا جارہاہے جو ہر قسم کی شکایات کے ازالے کے لئے بروقت انتظامات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری آٹے کی شفاف ڈسٹڑی بیوشن کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جس کے ثمرات سے صارفین مستفید ہو سکیں گے۔ مشیر خوراک نے چارسدہ کے دور دراز دیہات میں جاکر ڈیلرزکے پاس آٹے کی فراہمی اور ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں