بجٹ میں صوبے کے حصے کوکم کرنا صوبے کے عوام کے زخموں پرنمک پاشی کے مترادف ہے، سردارحسین بابک

دسواں این ایف سی ایوارڈ جاری نہ کرنے کاسب سے زیادہ نقصان خیبرپختونخوا کو اٹھانا پڑرہاہے،موجودہ صوبائی اور مرکزی حکومت صوبے کے عوام کو کس جرم کی سزا دے رہے ہیں ،جنرل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا

ہفتہ 12 جون 2021 22:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں صوبے کے حصے کو کم کرنا صوبے کے عوام کے زخموں پرنمک پاشی کے مترادف ہے۔ دسواں این ایف سی ایوارڈ جاری نہ کرنے کا سب سے زیادہ نقصان خیبرپختونخوا کو اٹھانا پڑرہا ہے۔ موجودہ حکومت صوبے کے عوام کو کس جرم کی سزادے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کوئی میگا پروجیکٹ شروع نہیں کیا جاسکا اور صوبے کے بقایاجات کاکوئی ذکر وفاقی بجٹ میں موجود نہیں ہے۔

حکومت نے بیرونی قرضوں کی واپسی کیلئے رقم مختص کی ہے مگر بدقسمتی سے صوبے کے واجبات ادا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی صوبے کے عوام کو کیا جواز پیش کریں گے کہ صوبے سے ہونی والی ناانصافی پر وہ کیوں خاموش ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے خیبرپختونخوا کو مالی طور پر دیوالیہ کردیاہے۔ صوبے میں ترقیاتی کاموں کا نام ونشان تک نہیں ہے لیکن صوبائی حکومت عوام کیساتھ ہونے والی ناانصافیوں پرخاموش ہے۔

عوام کو جواب دینا ہوگا کہ ان کے آئینی حق پر مرکزی حکومت کیوں ڈاکہ ڈال رہی ہے۔ صوبے کے عوام کو ترقی سے محروم رکھنے سے ملک کو کونسا فائدہ پہنچ رہا ہی انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے نام پر ہر سال بجٹ کابیشتر حصہ مختص کرنا کیوں ضروری ہی قومی اسمبلی 22کروڑ عوام کو آگاہ کرے کہ عوامی فلاحی منصوبوں کو کیوں پس پشت ڈالاجا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومتی ترجیحات عوام دشمن پالیسی ہے۔

بجٹ سے غریب عوام کی زندگی میں بہتری کے بجائے مزید تنگ دستی کے آثار نمایاں نظر آرہے ہیں۔ وفاقی بجٹ میں غریب عوام کوریلیف دینے کا کوئی اقدام نظر نہیں آرہا ہے۔ حکومت بچانے کیلئے عوام کی بجائے مخصوص مفادات کا تحفظ ملک وقوم کیلئے نقصان دہ ہے۔ صوبائی حکومت، مرکزی حکومت کی ان ناانصافیوں کے خلاف کب تک خاموش رہے گی انہوں نے کہا کہ اے این پی صوبے کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٴْٹھاتی رہے گی اور عوام سے اٴْمید رکھتے ہیں کہ وہ اپنی آئینی حقوق کیلئے متحد رہیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں