پشاور کی ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سربند میں کھلی کچہری

علاقہ عوام نے درپیش مسائل بارے ضلعی افسران کو آگاہ کیا ‘ حل کرنے کی ہدایت

جمعرات 20 جنوری 2022 23:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) ضلعی انتظامیہ پشاور نے تحصیل متنی کے علاقے سربند میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میںڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنراعزاز احمد، تحصیلدارشکیل خان سمیت ماتحت محکموں کے افسران، ریونیو سٹاف،عوامی نمائندگان، عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اسسٹنٹ کمشنر (متنی) آفس سربند میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کر وائے گئے تھے۔ اس موقع پر لوگوں نے افسران کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت زیادہ ہے اور عوام کی سہولت کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور علاقے میں سوئی گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے سوئی گیس کا پریشر بڑھایا جائے۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ علاقے کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور عوام کو آمدورفت میں بہت تکلیف کا سامنا ہے اس لیے سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے اور باڑہ روڈ پر تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے کیوں تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک روانی میں تکلیف کا سامنا ہے۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔ اس موقع پر لوگوں نے ضلعی انتظامیہ پشاور کا کھلی کچہری کے انعقا د پر شکریہ ادا کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں