چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزادخان بنگش نے سول سکرٹریٹ پشاور میں بچوں کو پولیو قطرے پلا کر انسدادپولیو مہم کا افتتاح کیا

پیر 15 اگست 2022 22:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2022ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزادخان بنگش نے پیر کے روز سول سکرٹریٹ پشاور میں بچوں کو پولیو قطرے پلا کر انسدادپولیو مہم کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہنا کہ پولیو مہم دو مراحل میں چلائی جائے گی۔

پہلا مرحلہ 15 اگست سے 24 اگست تک جاری رہے گا جس میں بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آی خان، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔ دوسرے مرحلے میں 22اگست سے 26 اگست تک صوبے کے باقی اضلاع میں انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔ پولیو مہم کے افتتاح کے بعد صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس بھی منعقد ہوا جسکی صدارت صوبائی وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، پاک آرمی اور پولیس حکام، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ فار پولیو آصف رحیم،نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے نما ئندوں سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ شمالی وزیرستان اور لکی مروت میں پولیو کیسز ہماری مہمات میں کمیوں کی نشاندہی کرتے ہیں جسے پورا کرکے پولیو کا خاتمہ یقینی بناکر اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ کریں گے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کہا کہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں صوبے کے جنوبی اضلاع میں حالیہ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ان اضلاع پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیووائرس کے مکمل خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے پولیو کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ فار پولیو محمد آصف رحیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران 72 لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو انسدادپولیو قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

جس کے لئے 25 ہزار 485 پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے پولیس اور آرمی اہلکاروں کی تعیناتیاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ ان کامزید کہنا تھا کہ پولیو مہمات میں غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والوں کے خلاف سخت کاروائی بھی کی جا رہی ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کسی بھی سطح پر غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش نے والدین کو اپیل کی کہ اپنے بچوں کو انسدادپولیو قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں