پرائمری سکولوں میں صرف خواتین اساتذہ تعینات کی جائیں گی تاکہ وہ بچوں کی بہتر پرورش کریں ، فیصل خان ترکی

بدھ 17 اپریل 2024 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم فیصل خان ترکی نے کہا ہے کہ نئے بننے والے پرائمری سکولوں میں صرف خواتین اساتذہ تعینات کی جائیں گی تاکہ وہ بچوں کی بہتر پرورش کریں اور نونہالوں کو شفقت سے پڑھائیں۔ اسی طرح سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے بھی صوبہ بھر میں عنقریب نئے اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے تاکہ ہر بچے کو استاد میسر ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی آئی ٹی ٹیچر رانگ پوسٹ پر کام کررہا ہے تو اس کو واپس بلایا جائے گا تاکہ سکولوں میں آئی ٹی کی تعلیم کو مزید بہتر بنایا جاسکے اور آئی ٹی لیبز کو مزید فعال بنایا جاسکے۔ اسی طرح سکولوں میں باقی ماندہ سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں گے کیونکہ تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر تعلیم نے محکمہ تعلیم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن اسفندیار خٹک، ایڈیشنل سیکرٹری ریفارمز، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عبدالاکرام، ڈپٹی سیکرٹری شازیہ عطاء اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر تعلیم کو محکمہ تعلیم کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں بشمول ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ اور ASPIRE پراجیکٹس پر بھی بریفننگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ ان پراجیکٹس میں سکولوں کی سولرائزیشن، نئے سکولوں کی تعمیر و اپگریڈیشن، باقی ماندہ سہولیات کی فراہمی، اے ایل پی سنٹرز کے قیام، ای سی سی رومز کی تعمیر اور اساتذہ و سکول لیڈرز کی تربیت کے پروگرامز شامل ہیں۔

وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ سکولوں میں آئی ٹی لیبز کے قیام، پلے ایریاز اور ای سی ای رومز کے قیام کیلئے انقلابی اقدامات کئے جائیں گے۔ جس کیلئے محکمہ تعلیم حکام کو ٹائم لائن دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی پر اساتذہ کو انعام اور دیگر مراعات بھی دی جائیں گی جبکہ سیکنڈ شفٹ سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں کے مسئلہ کو بھی مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں