چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے شیرافضل مروت کا نام فائنل

پارٹی قائد عمران خان نے آج مشاورت کے بعد ان کا نام فائنل کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 اپریل 2024 16:16

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے شیرافضل مروت کا نام فائنل
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے شیرافضل مروت کا نام فائنل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے شیر افضل مروت کا نام فائنل کیا گیا ہے، عمران خان نے آج مشاورت کے بعد ان کا نام فائنل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج صرف 5 وکلاء کو عمران خان سے ملنے دیا گیا، ہم نے کبھی اپنے مفاد کی پروا نہیں کی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی ہماری اولین ترجیح ہے اور عمران خان کی رہائی بہت جلد ہوگی، کوشش کر رہے تھے عید سے پہلے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی ہوجاتی، کیسز قانون کے مطابق چلے تو سابق وزیراعظم مئی میں جیل سے باہر آجائیں گے، ہماری کسی سے بات چیت نہیں ہورہی، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بہترین انداز میں ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے 2 دسمبر کو الیکشن کروائے تھے، الیکشن کمیشن نے 22 دسمبر کو وہ الیکشن ختم کر دیا تھا، ہم نے انٹرا پارٹی انتخاب میں الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کروائے، 3 مارچ کو جو الیکشن کروائے تھے اس سلسلے میں نوٹس آیا تھا، الیکشن کمیشن نے نوٹس میں کہا انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات ہیں، آج الیکشن کمیشن کے سامنے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی کیس فکس تھا، آج الیکشن کمیشن میں انٹرا پارٹی انتخابات پر سماعت ہوئی، آج مختصر سماعت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس آرڈر کو بھی مدنظر رکھا، ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی بلّے کا نشان لے لیا گیا، پارٹی لیڈر کو جیل میں رکھا گیا، آج کی سماعت میں ڈاکومنٹ سے متعلق کوئی نوٹس نہیں آیا تھا، آج الیکشن کمیشن نے اسٹاف سے پوچھا کیا کہنا چاہیں گے، اسٹاف نے کہا سپریم کورٹ کے آرڈر کی روشنی میں کچھ آبزرویشن ہیں، الیکشن کمیشن نے آج اپنے اسٹاف کو ڈائریکٹ کر لیا، ہمارے پاس اوبزرویشن آئے گی تو اس کا جواب ہم دیں گے، جتنی اوبزرویشن ہم نے پوائنٹ آؤٹ کی ہم یہ نہیں کہتے کے وہ سب ٹھیک ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ جو زیادتیاں ہونی تھیں وہ ہوچکیں اب انصاف ہونا چاہیے، سیاسی درجہ حرارت کم ہونا چاہیے، پاکستان تحریک انصاف نہ تو کسی سے مذاکرات کر رہی ہے نہ مذاکرات کی درخواست کر رہی ہے، اس سلسلے میں جب بھی کوئی فیصلہ ہوا وہ بانی چئیرمین عمران خان کی طرف سے سامنے آئے گا، چھ جماعتوں کے ساتھ تحریک انصاف کا الحاق ہے جن تین سیاسی جماعتوں نے تحریک انصاف کا مینڈیٹ چرایا ہے مینڈیٹ کی واپسی تک ان سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں