ایکسپو کا مقصد پولٹری فارمنگ کے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے،اصغر علی

پاک انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو2024 کا انعقاد30 اپریل اور یکم مئی 2024 کو پشاور میں ہوگا، ایڈیشنل سیکریٹری لائیو سٹاک

بدھ 17 اپریل 2024 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) محکمہ لائیو سٹاک خیبر پختونخوا، پولٹری کوآپرییٹیو سوسائٹی خیبر پختونخوا اور لائیو سٹاک فارمرز ویلفیئر ایسوسیشن کے اشتراک سے پاک انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو 2024 کا انعقاد 30 اپریل اور یکم مئی 2024 کو پشاور میں کیا جائے گا۔ ایکسپو کے تکمیلی اقدامات کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس ایڈیشنل سیکریٹری لائیو سٹاک فشریز اور کوآپریٹیو خیبر پختونخوا اصغر علی کی زیر صدارت سیکریٹ کمپلیکس ورسک روڈ پشاور میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈپٹی سیکریٹری لائیو ساک یوسف علی،ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک (توسیع) ڈاکٹر اصل خان، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک (ریسرچ) محمد اعجاز، لائیو سٹاک فارمرز ویلفیئر ایسوسیشن کے صدر آصف اعوان ،پولٹری کوآپریٹو سوسائٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر راج ولی خان سمیت دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاک انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو کا انعقاد کا مقصد پولٹری سیکٹر سے وابستہ افراد کوبہتر اور مفید انداز میں پولٹری فارمنگ سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور اس کاروبار سے منسلک لوگوں کی آگاہی کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

ایکسپو میں کل 46 سٹالز سجائے جائیں گے جن میں مختلف طریقوں سے پولٹری فارمرز کو تربیت دی جائے گی تاکہ لحمیات، پولٹری اور لائیو سٹاک کی پیداواری مقدار میں مزید اضافہ ہوسکے۔اجلاس کے دوران ایکسپو میں کمرشل پولٹری فارمنگ سمیت رورل پولٹری فارمنگ اور فینسی بڑڈز فارمنگ کی نمائش کی اہمیت پر زور دیا گیا کیونکہ پولٹری فارمنگ ایک وسیع شعبہ ہے اور رورل پولٹری فارمنگ اور فینسی بڑڈز فارمنگ اس کا حصہ ہے جس سے نہ صرف لوگوں کی معاشی صورتحال بہتر ہوگی بلکہ نایاب پولٹری انواع کو بھی فروغ ملے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایکسپو میں یونیورسٹیوں کے طلباء کی شرکت ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں جامعات کے انتطامی سربرہان کے نام مراسلے بھیج دیئے گئے ہیں تاکہ طلباء بھی شرکت کرکے مستفید ہو سکیں۔اجلاس میں ایکسپو کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری اصغر علی نے متعلقہ حکام کوایکسپو کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے اور سیکیورٹی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں