قصہ خوانی بازار کی تزئین و آرائش اور تاریخی حیثیت کی بحالی منصوبے کی تکمیل کےلئے کمشنر پشاور کا دورہ

جمعرات 18 اپریل 2024 18:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر قصہ خوانی بازار کی تزئین و آرائش اور تاریخی حیثیت کی بحالی کے منصوبے کو بروقت مکمل کرنے، معیاری کام کو یقینی بنانے اور ترقیاتی کام کے دوران عوامی تکالیف کو کم کرنے کی غرض سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم مینہ خان آفریدی جو کہ علاقے کے ممبر صوبائی اسمبلی بھی ہیں کے ہمراہ قصہ خوانی بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر سمیت، پراجیکٹ ڈائریکٹر عبدالغفور، اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی لطف الرحمان،ڈائریکٹر ایسٹ کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور رحمان خٹک،ایس پی ٹریفک پشاور،محکمہ آثار قدیمہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کو بھی طلب کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

کمشنر پشاور ڈویژن اور صوبائی وزیر عوام اور تاجروں میں گھل مل گئے۔

انہوں نے عوام سے جاری منصوبے کے متعلق معلومات حاصل کی اور ان کے تحفظات دریافت کیے جبکہ عوامی مطالبات پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور عملے کو دیگر ضروری ہدایات جاری کیں۔ کمشنر پشاور ڈویژن اور صوبائی وزیر نے منصوبے کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور شفافیت برقرار رکھنے کے لئے احکامات جاری کئے ۔اس موقع پر موجود عوام اور تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ صوبائی وزیر جن کا حلقہ انتخاب میں قصہ خوانی بازار بھی آتا ہے کی تزئین و آرائش اور تاریخی حیثیت کی بحالی کے حوالے سے ان کے مطالبے پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ ہنگامی دورہ کیا گیا اور عوامی تکالیف کے پیش نظر منصوبے 15 مئی تک ہر صورت شفافیت سے اختتام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی منصوبے کے اختتام پر نہ صرف قصہ خوانی بازار کی تاریخی حیثیت اور عظمت رفتہ بحال ہوگئی بلکہ اس سے بازار کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ روزگار میں بھی بہتری آئے گی عوام اور تاجروں کی بڑی تعداد نے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود اور صوبائی وزیر مینہ خان آفریدی کے دورے، منصوبے پر کام کی رفتار میں مزید تیزی لانے اور عوام کے تحفظات پر احکامات جاری کرنے پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا اور اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں