- وادی کیلاش میں اتوار 13 مئی کو شروع ہونے والے پانچ روزہ مذہبی تہوار چلم جوش کے انتظامات کئے جائیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

بدھ 1 مئی 2024 21:10

?پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر زاہد چن زیب نے محکمہ سیاحت و ثقافت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وادی کیلاش میں اتوار 13 مئی کو شروع ہونے والے پانچ روزہ مذہبی تہوار چلم جوش کے انتظامات کی بطریق احسن انجام دہی اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور تمام انتظامات کو ذاتی نگرانی میں حتمی شکل دی جائے جن کی منظوری وہ پہلے ہی ایک سطح اجلاس میں دے چکے ہیں۔

انہوں نے کیلاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ٹورازم پولیس کو بمبوریت میں کیمپنگ پاڈز کھولنے اور سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات کی ہے تاکہ فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں کی بہترین انداز میں مہمان نوازی کی جائے اور واضح کیا کہ وہ بذات خود بھی دیگر صوبائی وزراء کے ہمراہ اس تہوار میں شریک ہوں گے اور موقع پر ہی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا ہے کہ سیاح کیلاش کی وادیوں میں سیر و تفریح کے دوران وہاں کی تہذیب و ثقافت اور روایات کا پورا خیال رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چلم جوش تہوار کی تیاریوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت، ڈائریکٹر جنرل کیلاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی منہاس الدین اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

مشیر سیاحت زاہد چن زیب نے دونوں اتھارٹیز کو ہدایت کی کہ وادی کیلاش میں بہار کی آمد پر ہر سال منائے جانے والے جوشی تہوار کیلئے کیمپنگ پاڈز کھولنے اور پینے کے صاف پانی اور واش رومز کی بہتر سہولیات کے علاؤہ ٹورازم پولیس کو بھی پوری طرح فعال بنایا جائے۔ اس پانچ روزہ فیسٹیول کا آغاز اتوار 13 مئی سے کیلاش کی بڑی وادی بمبوریت میں ہوگا جس میں کیلاش کی دیگر وادیوں رمبور اور بریر سے بھی بڑی تعداد میں مرد و خواتین شرکت کرتے ہیں۔

فیسٹیول کے دوران دیر اپر اور چترال لوئر میں خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے قائم کردہ سیاحت سہولت سنٹر بھی کھلے رہیں گے جن سے وادی کا رخ کرنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو ہر قسم کی معلومات، رہنمائی اور خدمات فراہم کی جائیں گی۔ڈی جی کیلاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے اس موقع پر مشیر سیاحت کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انکی ہدایات کی روشنی میں فیسٹیول کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے جن میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کے علاؤہ ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے گاڑیوں کے ایندھن، اشیائے خوردونوش کے بہترین انتظامات، سیاحوں کا رش بڑھنے کے پیش نظر گاڑیوں کیلئے فری پارکنگ، محکمہ پولیس کی طرف سے ٹریفک مینجمنٹ پلان، ہیلپ لائن کو فعال بنانے، وادیوں کے تمام دیہات میں صفائی کی سرگرمیاں شروع کرنے، سیاحوں کیلئے فیسٹیول کے پانچوں ایام کے دوران مقامی ثقافت اور روایات کو برقرار رکھنے کیلئے رہنمائی و ایس او پیز کے بینرز آویزاں کرنے، مقامی ثقافت کی بھرپور عکاسی کیلئے ثقافتی سٹالز، مقامی ثقافت کی نمائندگی کرنے والی تصاویر اور فن پاروں کے ڈسپلے شامل ہیں۔

اس کے علاؤہ کیلاش کمیونٹی کی معاشی بہتری کے اقدامات، انکے گھروں میں مہمانوں کیلئے کرائے کے کمروں کی فراہمی (ہوم اسٹی) کی روایات کو فروغ دینے اور مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے سوشل میڈیا بلاگرز کو بھی مدعو کیا جا رہا ہے۔ مشیر سیاحت زاہد چن زیب نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم واضح کیا کہ چلم جوش فیسٹیول کو عالمی سطح پر شہرت حاصل ہے اسی وجہ سے غیر ملکی سیاح بھی اس فیسٹیول کا حصہ بننے کیلئے اس وادی کا رخ کرتے ہیں۔

ان کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ وہ واپسی پر یہاں سے ایک مثبت پیغام لیکر اپنے ملکوں کو لوٹ کر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے قبل سیاح ٹورازم ہیلپ لائن 1422 سے بھی معلومات اور معاونت حاصل کر سکتے ہیں جن میں گاڑیوں کی خرابی کی صورت میں مکینک خدمات سے لیکر فرسٹ ایڈ کی فوری فراہمی شامل ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں