وزیر تعلیم خیبرپختونخوا کا گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول سٹی نمبر ون پشاور کے امتحانی ہال کا دورہ

فیصل خان ترکئی نے امتحانی نظام کا جائزہ لیا ،طلبہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا

جمعرات 18 اپریل 2024 22:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول سٹی نمبر ون پشاور کے امتحانی ہال کا دورہ کیا وزیر تعلیم نے امتحانی نظام کا جائزہ لیا اور طلباء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں شفاف امتحانات منعقد کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے سپروائزری سٹاف کو ہدایات کی کہ صوبہ بھر کا امتحانی عملہ امتحانات کو کامیاب اور شفاف بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ معماران قوم کا مستقبل اس کے ہاتھ میں ہے کوشش کی جائے کہ میرٹ پر حقدار کو اس کا حق ملے، میٹرک میں عمومی طور پر چھوٹے بچے ہوتے ہیں ان کے ساتھ شفقت کا رویہ رکھیں۔ یہ ہدایات انہوں نے جاری میٹرک امتحانات کا جائزہ لینے کیلئے گورنمنت ہائیر سیکنڈری سکول سٹی نمبر ون پشاور کے دورے پر جاری کیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ایجوکیشن مسعود احمد، سپیشل سیکرٹری اسفندیار خٹک اور چیئرمین پشاور تعلیمی بورڈ نصراللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ وہ بطور وزیر تعلیم ، ان کی ٹیم اورسیکرٹیریٹ کی ٹیمیں صوبہ بھر کے امتحانی ہالوں کا جائزہ لے رہی ہیں، اور امتحانی نظام میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز کی تیاریاں مکمل ہیں، والدین اور طلبہ مطمئن رہیں ان کو اپنی محنت کا صلہ ملے گا۔ اور امید ہے کہ میرٹ کے نظام سے گزرنے والے بچے آگے جا کر ملک کی بہتر خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب اور میرٹ بیسڈ امتحانات کیلئے ضلعی انتظامیہ،پولیس، واپڈا اور دیگر اداروں کی بھرپور مدد حاصل ہے۔ وزیر تعلیم نے جاری امتحانات کے حوالے سے کہا کہ امسال صوبہ بھر سے 8 لاکھ 93ہزار 524 طلباء و طالبات میٹرک کے امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔

ان میں کلاس نہم کے چار لاکھ 57 ہزار اور دہم کے چار لاکھ 35 ہزار طلباء و طالبات امتحانات میں حصہ لے رہے ہیںاور صوبہ بھر میں کل 3569 امتحانی ہال قائم کیے گئے ہیں، اسی طرح امتحانات میں صوبہ بھر سے تقریبا 24 ہزار سپروائزری عملے کی خدمات حاصل ہیں۔ امتحانات کو کامیاب اور شفاف بنانے اور شکایات کی ازالے کے لیے محکمہ تعلیم میں انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم نے سیکرٹیریٹ میں قائم مانیٹرنگ سیل کا بھی دورہ کیا اور صوبہ بھر کے امتحانی ہالز کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں