وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مشیر برائے زکوٰة و عشر کی مالاکنڈ میں واقع منشیات بحالی مرکز کا اچانک دورہ

بدھ 1 مئی 2024 21:21

ٰپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مشیر برائے زکوٰة و عشر، سماجی بہبود و ترقی نسواں مشال اعظم یوسفزئی نے منشیات بحالی مراکز میں زیر علاج مریضوں کو ہفتے میں ایک دن گھر والوں سے ٹیلیفون کے ذریعے رابطہ کی سہولت فراہم کرنے جبکہ ڈی ایچ او کو منشیات بحالی مرکز کیلئے تجربہ کار ڈاکٹر مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ ہدایات گزشتہ روز ضلع مالاکنڈ میں واقع منشیات بحالی مرکز کے اچانک دورہ کے دوران دیں۔ مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے منشیات بحالی مرکز کے مجموعی حالات، سہولیات اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے مریضوں سے گفتگو کی اور ان سے مسائل دریافت کئے۔انہوں نے کہا کہ منشیات میں مبتلا افراد کے زندگی کی طرف لوٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں اور عنقریب منشیات میں مبتلا افراد کی بحالی کے لیے گرینڈ آپریشن شروع بھی کرینگے۔

(جاری ہے)

منشیات بحالی مرکز میں متعلقہ ڈاکٹر کی عدم ڈیوٹی پر عدم موجودگی پر مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایچ او کو منشیات بحالی مرکز کیلئے تجربہ کار ڈاکٹر مہیا کرنے کی ہدایت کی تاکہ مریضوں کا بہترین علاج ہوسکے اور وہ زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔ مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے منشیات بحالی مرکز میں زیر علاج مریضوں کو ہفتے میں ایک دن گھر والوں سے ٹیلیفون کے ذریعے رابطہ کی سہولت دینے کی بھی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی و غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد وہ صوبے کے مختلف اضلاع کے دورے کررہی ہیں اور وہاں محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں، خصوصی تعلیم کے قائم اداروں کا جائزہ خود لے رہی ہیں۔مشیر مشال اعظم یوسفزئی نے مستقبل میں مزید دوروں کا بھی عندیہ دے دیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں