کیرئیر ٹیسٹنگ سروسز پاکستان کے تحت بلوچستان کے طلباء و طالبات کے دوسرے صوبوں کے کالجز میں اسکالرشپس امتحانات کا سلسلہ شروع

ہفتہ 19 ستمبر 2020 17:09

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) کیرئیر ٹیسٹنگ سروسز پاکستان کے تحت بلوچستان کے طلباء و طالبات کے دوسرے صوبوں کے کالجز میں اسکالرشپس امتحانات کا سلسلہ شروع ہو گیامجموعی طورپر بلوچستان کی5ہزار سے زائد طلباء و طالبات سکالرشپس امتحانات میں حصہ لے رہے ہیںایگزیکٹو ڈائریکٹر سی ٹی ایس پی بخت محمد کاکڑ کا کہنا ہے کہ امتحانات میں شفافیت کے ساتھ ساتھ سی ٹی ایس پی کورونا وائرس کی ایس او پیز پر بھی مکمل عمل درآمد کر رہی ہے،سی ٹی ایس پی کے اس امتحانات کے ذریعے صرف مستحق طلبا و طالبات ہی اسکالرشپس حاصل کر کے دوسرے صوبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں گے،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل کالجز برکت اسماعیل کا کہنا ہے کہ دوسرے صوبوں میں بلوچستان کے کوٹے کو بڑھانا ناگزیر ہے اس وقت صرف 580نشستوں کے لئے صوبے کی5ہزار سے زائد طلباء و طالبات امتحانات دے رہے ہیں اگر تینوں صوبوں کے وزراء اعلیٰ خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے بلوچستان کے کوٹے کو بڑھادیں تو ہمارے بیشتر مستحق طلباء و طالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے صوبے اور ملک کا نام روشن کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں اس کے علاوہ پنجاب کی طرز پر سندھ اور خیبر پختونخوا طلباء وطالبات سے ٹیوشن اورہاسٹل فیس بھی معاف کریں تاکہ غریب طلباء و طالبات بھی بہتر انداز میں تعلیم حاصل کر سکیں تفصیلات کے مطابق کیرئیر ٹیسٹنگ سروسز پاکستان(سی ٹی ایس پی) کے تحت بلوچستان کے پانچ ہزار سے زائد طلباء و طالبات کے ملک کے دیگر صوبوں کے کالجز میں اسکالر شپس امتحانات کا سلسلہ شروع ہو گیا جس میں بلوچستان کے تمام اضلاع سے طلباء و طالبات نے حصہ لیا امتحانی عمل میں کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے امتحانات لئے گئے جس میں امیدواروں کے جسم کا درجہ حرارت سماجی فاصلہ اور سینی ٹائزرکا استعمال کیا گیا اس کے علاوہ امیدواروں کے لئے ماسک اور گلوز کو لازمی قرار دیا گیا تھا اس موقع پر سی ٹی ایس پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بخت محمد کاکڑ کا کہنا تھا کہ سی ٹی ایس پی شفاف طریقے سے امتحانات کا سلسلہ شروع کئے ہوئے ہے ہماری کوشش ہے کہ امتحانی عمل میں مستحق اور ہونہار طلباء طالبات کی حق تلفی کسی صورت نہ ہو جسکے لئے جدید کمپیوٹرائزڈ طریقہ کار کے تحت امتحانات لئے جارہے ہیں اس طریقہ کار کے مطابق امتحانات کے صرف دو گھنٹے بعد ہی نتائج بھی انٹر نیٹ پر اپلوڈ کر دیئے جائینگے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل کالجز برکت اسماعیل کا کہنا تھا کہ باقی تینوں صوبوں کے کالجز میں بلوچستان کے طلباء و طالبات کا کوٹہ انتہائی کم ہے اس وقت صرف580نشستوں کے لئے بلوچستان کے تمام اضلاع سے مجموعی طورپر5ہزار سے زائد طلباء و طالبات امتحانات دے رہے ہیں اگر باقی صوبے بلوچستان کے کوٹے کو بڑھادیں تو ہمارے بہت سے ہونہار اور مستحق طلباء و طالبات بھی دیگر صوبوں میں جا کر اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکتے ہیں جسکے لئے میری تینوں صوبوں کے وزراء اعلیٰ سے یہ اپیل ہے کہ وہ بلوچستان کے کوٹے کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ پنجاب کی طرز پر بلوچستان کے طلباء طالبات کی ٹیوشن اور ہاسٹل فیس بھی معاف کریں تاکہ یہاں کے غریب عوام مزید بہتر انداز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک اور صوبے کا نام روشن کر سکیں ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں