وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت اجلاس، پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کی کوئٹہ اور گوادر میں رہائشی منصوبے پر بریفنگ

جمعہ 19 اپریل 2019 23:45

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل وسیم حیات باجوہ کی جانب سے کوئٹہ اور گوادر میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت رہائشی مکانات کے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وفاقی وزیر محترمہ زبیدہ جلال، صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ، چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، مختلف صوبائی محکموں کے سیکریٹری اور اتھارٹی دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، ڈائریکٹر جنرل نے آگاہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں ہاؤسنگ سکیم کے میگا پروکیجیکٹ کا آغاز بلوچستان سے کیا جارہا ہے اور وزیراعظم کوئٹہ میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، انہوں نے بتایا کہ منصوبے کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں وفاقی حکومت کے ملازمین، صوبائی حکومت کے ملازمین اور عوام کے لئے کم لاگت کے اپارٹمنٹس کی تعمیر شامل ہے، کوئٹہ میں کچلاک اور وحدت کالونی میں سرکاری ملازمین اورعام عوام کے لئے اپارٹمنٹس تیار کئے جائیں گے جبکہ گوادر میں سرکاری ملازمین کے لئے اور اورماڑہ میں ماہی گیروں کے لئے رہائشی اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے جبکہ منصوبے میں تیار پلاٹ بھی دستیاب ہوں گے، ہاؤسنگ منصوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے علاقے کی ضروریات کے مطابق کم قیمت اور کم وقت میں اپارٹمنٹس کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا، ہاؤسنگ منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا اور ابتدائی طور پر وفاقی حکومت نے منصوبے کے لئے پانچ ارب روپے مختص کئے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوام کو بہتر رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو اہم پیشرفت قرار دیا، انہوں نے بلوچستان میں ہاؤسنگ منصوبے سے اصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ اتھارٹی کے حکام اور متعلقہ صوبائی محکموں کے سیکریٹری اجلاس منعقد کرکے منصوبے کے دیگر امور کو حتمی شکل دیں، انہوں نے کہا کہ اپارٹمنٹس کی تعمیر میں یہاں کے عوام کے طرز رہائش ،بلوچستان کے موسمی حالات اور ماحول کو بھی مدنظر رکھا جائے اور لوگوں کی اعتماد سازی کے لئے منصوبے کے بروقت آغاز اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں