بیلا کراس کے قریب مسافر کوچ اور مزدہ ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی

منگل 22 جنوری 2019 21:00

حب+ کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) بیلا کراس کے قریب مسافر کوچ اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی اور تمام افراد کی لاشیں کراچی کے ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئیں تھی 24 نعشوں کو بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل صوبائی وزیر سوشل ویلفئیر میر اسد اللہ بلوچ اپنی نگرانی میں ایدھی سینٹر سے پنجگور لے گئے اور حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کیلئے 1 کروڑروپے دینے کا بھی اعلان کیا جاں بحق ہونے والوں کی نمازجنازہ آج بروز(بدھ) تبلیغی مرکز خدا ابادان میں صبح 11 بجے ادا کی جائے گی ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بیلا کراس کے قریب کراچی سے پنجگور جانے والی مسافر کوچ اورمزدہ ٹرک کے آپس میں ٹکرانے سے گاڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس سے 27 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو کراچی منتقل کیا گیا جن میں خواتین اور بچوں سمیت ٹرک ڈرائیور اور کلینر بھی شامل ہے جب کہ حادثے کے 4 زخمیوں کو سول اسپتال کراچی میں طبی امداد دی جارہی ہے اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔جاں بحق تمام افراد لاشیں ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ منتقل کردی گئی ہیں، جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت مسافر کوچ میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے جن میں سے کچھ افراد نے بروقت باہر نکل کر اپنی جانیں بچائیں جب کہ دیگر افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل کا کہنا ہے کہ مسافر بس میں آگ لگنے کے باعث جھلس کر جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

شبیر مینگل نے کہا کہ بس سے نکلنے کے دوران 6 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 4 شدید زخمیوں کو بیلہ اسپتال سے کراچی روانہ کر دیا گیا۔ہلاک ہونے والوں میں پنجگور کے علاقے دازی بونستان سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد شامل ہیں جن میں گھر کا سربراہ اہلیہ دو بیٹیوں سمیت بھائی اور اس کی اہلیہ شامل ہیں جبکہ سری کوران کے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جن میں تین بہنیں ایک بیٹا اور قریبی رشتہ دار شامل ہیں اس کے علاوہ چتکان سے ایک ہی خاندان کے تین افراد دو بھائی اور ایک چچا زاد بھائی اس کے علاوہ سندے سر عیسیٰ کے ایک خاندان کی دو خواتین اور عیسیٰ کے دو بچے سانحہ میں لقمہ اجل بن گئے ،بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے جنرل سیکرٹری اسد بلوچ نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے متاثرہ خاندانوں کیلئے 1 کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کے علاج معالجے کیلئے 50 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک قدرتی حادثہ ہے اس لئے جاں بحق ہونے والوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی جائے گی یہ ایک بڑا سانحہ ہے ہم سب مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور تمام میتیں لے کر پنجگور جا رہا ہو ں ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں