مخلص ساتھی اور ہم خیال دوست ہمارا اثاثہ ہیں ،مسلم لیگ(ن) کو بہت عزت دی مگر انہوں نے وفا نہیں کی ،نواب ثناء اللہ ،عبدالقادر بلوچ

نواز شریف کی فطرت میں وفا کرنا نہیں ہے ،پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ مشروط طور پر کیا ہے جلد ہی کوئٹہ میں جلسہ عام ہوگا جس میں نئی جماعت میں شمولیت کا اعلان کریں گے ،چیف آف جھالاوان اور سابق وفاقی وزیر کا خطاب

منگل 15 جون 2021 22:52

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) چیف آف جھالاوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ مخلص ساتھی اور ہم خیال دوست ہمارا اثاثہ ہیں مسلم لیگ(ن) کو بہت عزت دی مگر انہوں نے وفا نہیں کی نواز شریف کی فطرت میں وفا کرنا نہیں ہے ،پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ مشروط طور پر کیا ہے جلد ہی کوئٹہ میں جلسہ عام ہوگا جس میں نئی جماعت میں شمولیت کا اعلان کریں گے ،یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں ہم خیال ساتھیوں ،قبائلی و سیاسی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں نواب ثناء اللہ زہری نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت اور خطاب کیا، اجلاس میں نواب ثناء اللہ زہری اور سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے ہم خیال ساتھیوں، قبائلی و سیاسی رہنمائوں کو بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت سے متعلق آگاہ کیا اور انہیں اعتماد میں لیا، اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے ہم خیال ساتھیوں سے اجازت لی کہ آیا پیپلز پارٹی میں شمولیت کے فیصلے کو غور کیا جائے یا نہیں جس پر تمام ساتھیوں نے نواب ثناء اللہ زہری اور سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کو پیپلز پارٹی میں شمولیت سمیت آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل طے کرنے کا اختیار دیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ انہوں نے کوشش کی کہ وہ وطن واپس آسکیں تاہم کورونا وائرس سمیت دیگر وجوہات کی بناء پر وہ بروقت وطن واپس نہیں پہنچ سکے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ، گوادر، تربت، پنجگور، لسبیلہ، زیارت، ژوب، لورالائی سمیت بلوچستان بھر سے ہم خیال ساتھیوں کے اجلاس میں شرکت اور اعتماد کرنے پر انکا شکرگزار ہوں ہم تمام فیصلے ساتھیوں کو اعتماد میں لیکر کرنے کے قائل ہیں جن ساتھیوں نے ہمارے ساتھ مسلم لیگ(ن) کو خیر باد کہا اور اب بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں وہ ہمارا ثاثہ ہیں جن کی دل سے عزت و قدر کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ(ن) کو عزت و قدر دی مگر میاں نواز شریف نے ہمیں دھوکہ دیانواز شریف کی فطرت میں وفا کرنا نہیںانہوں نے کہا کہ ہم اپنی جماعت بنانے کا سوچ رہے تھے، ہم اپنی سیاسی جماعت بنانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں مگر پیپلز پارٹی کی قیادت بلخصوص سابق صدر آصف علی زردار ی اور بلاول بھٹو زرداری نے متعددبار رابطے کئے جس پر انکے مشکور ہیں فیصلہ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کریں گے جلدہی وطن واپس آکر کوئٹہ میں جلسہ عام ہوگا جس میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹوزردار ی کی موجودگی میں پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے یہی امید ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح آگے بھی عزت دیں گے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیینٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیں شمولیت کی دعوت دی ہے، زرداری صاحب کو کہا عزت کریں گے اپنی بے عزتی برداشت نہیں کریں گے،ہمیں غیر مشروط طور پر شامل ہونے کا کہا ہے مگر ہم نے اپنی شرائط رکھی ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ناکام ہے بلوچستان عوامی پارٹی میں بھی شمولیت کی دعوت دی گئی مگر ہم نے فیصلہ ہم خیال ساتھیوں پر چھوڑا ہے جسکی انہوں نے منظور ی دے دی ہے بہت جلد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں