نظام کی تبدیلی کے لئے پرامن جمہوری جدوجہد وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے ،لیاقت بلوچ

نالائق حکمرانوں نے ملک تباہ کر دیا پچھلے چار ماہ میں غیر ملکی قرضہ میں بارہ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 23:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل و جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ نظام کی تبدیلی کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ نالائق حکمرانوں نے ملک تباہ کر دیا۔ پچھلے چار ماہ میں غیر ملکی قرضہ میں بارہ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ آئی ایم ایف کے حکم پر روپیہ کی قدر میں مسلسل کمی کی جارہی ہے۔

مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان بے قابو ہے۔ حکومت نے معیشت کا بیڑہ ڈبو دیا اب نظریہ کی جڑیں اکھاڑنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔بلوچستان کو جماعت اسلامی ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرکے نوجوانوں کو روزگار اورترقی وخوشحالی دیگی ۔بلوچستان میں چہروں کی تبدیلی سے عوام کوکوئی فائدہ نہیں ملیگا بلکہ باریاں لینے والے مالامال ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے دورہ کوئٹہ کے دوران مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے ہربات پر یوٹرن لیا،کاش وہ آٹا، چینی، گھی، دالوں کی قیمتوں پر بھی یوٹرن لے لیتے شایدغریب عوام کا بھلا ہو جاتااور ان کی گری ہوئی ساکھ میں کچھ بحالی آتی۔

غریب کا چولھا ٹھنڈا اور پیٹ خالی ہے، قوم دن رات اس وقت کو کوس رہی ہے جب پی ٹی آئی اقتدار میں آئی۔ وزیروں اور مشیروں کی ظفر موج مسلسل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن بڑھی، بیڈ گورننس کی تاریخ رقم ہوئی۔ غربت، بے روزگاری نے گھر گھر ڈیرے ڈال دیے ہیں۔ قوم کو عذاب سے نجات دلائیں گے۔ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے معیشت میں بہتری کے اعدادوشمار کو پاکستان کے سبھی آزاد معاشی ماہرین فریب قرار دے رہے ہیں۔

آئی ایم ایف ایک سیاسی ادارہ ہے جو عالمی طاقتوں کے اشاروں پر اپنا ایجنڈا واضح کرتا ہے۔ یہ ریکارڈ پر ہے جو بھی حکومت اس سے قرضہ لیتی ہے اس کی معیشت کو بہتر قرار دے دیا جاتا ہے لیکن کچھ عرصہ بعد پتا چلتا ہے کہ حقیقت میں ملک تباہ ہوچکا ہے۔ ماضی میں جتنے بھی پروگرام اپنائے گئے اس کا رزلٹ سب کے سامنے ہے۔ غریب قوم حکمرانوں کی عیاشیوں کی سزا بھگت رہی ہے۔

پی ٹی آئی تبدیلی کے نام پر تباہی لائی۔ وزیراعظم نے کشکول توڑنے کا وعدہ کیا مگر اس کا سائز اور بڑھا دیا۔ ملک میں لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار اور مستقبل سے مایوس ہیں۔ نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ناانصافی کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کا ساتھ دیں۔31 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہزاروں بے روزگارنوجوان اکٹھے کریں گے۔ حکومتی نااہلی، مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف جاری تحریک کو حتمی مرحلے تک لے کر جائیں گے۔

ماضی کے حکمران معصوم بن کر قوم کو مزید دھوکا نہیں دے سکتے، ان کا اور موجودہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا ایک ہے۔ سب سٹیٹس کو کے علمبردار ہیں۔ ملک کو سٹیٹس کو سے چھٹکارا ملے گا تو ہی آگے جائے گا۔ پاکستان کے قیام کے بعد اگر ملک میں نظام مصطفی ؐ نافذ ہو جاتا تو ملک عظیم طاقت بن کر ابھرتا۔ مغرب کے ایجنٹوں نے پاکستانی عوام کو جان بوجھ کر اسلامی نظام سے محروم رکھا۔ ہمیں مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے اور مل کر پارلیمنٹ، عدالت، تعلیم سمیت تمام شعبوں میں قرآن کا نظام نافذ کرنے کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد کرنی چاہیے۔ جماعت اسلامی اللہ کی مددو نصرت اور عوام کے ساتھ سے پاکستان کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنائے گی ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں