گھر میں آتشزدگی کے باعث دلہن سمیت 4 افراد کے جاں بحق ہونے کا معاملہ

پریشان اہل خانہ کے شکوں کے بعد وفاقی وزیر علی زیدی پروگرام چھوڑ کر غمزدہ خاندان کے پاس داد رسی کے لیے چلے گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 18 جنوری 2019 12:37

گھر میں آتشزدگی کے باعث دلہن سمیت 4 افراد کے جاں بحق ہونے کا معاملہ
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جنوری 2019ء) :کچھ روز قبل راولپنڈی میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا جب شادی والا گھر کچھ ہی لمحوں میں ماتم کدہ بن گیا۔شادی والے گھر میں آتشزدگی کے باعث دلہن سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق ہونے والی 4 بچیوں کے چچا چوہدری ناصر کا پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر علی زیدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زیدی صاحب مجھے بس ایک ہی بات کا افسوس ہے کہ سب سے پہلے جو ایمبولینس آئی اس میں پانی نہیں تھا اس کے بعد جو ایمبولینس آئی اس کے پاس اسٹریچر نہیں تھا۔

اور دوسری ایمبولینس بھی 45 منٹ کے بعد آئی تھی۔مجھے سب سے زیادہ دکھ یہ ہے کہ جس طرح ہم اپنی بچیوں کو لے کر گئے۔مدینہ کی ریاست اس طرح نہیں ہوتی مدینہ کی ریاست تو اسی دن فیصلہ کرتی ہے۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والی بچیوں کے چچا کا کہنا تھا کہ میرے پاس افسوس کے لئے پورا پاکستان آیا لیکن کوئی حکومتی ذمہ دار نہ آیا۔وفاقی وزیر علی زیدی پروگرام چھوڑ کر غمزدہ خاندان کے پاس داد رسی کے لیے چلے گئے۔

واضح رہے کچھ روز قبل راولپنڈی میں شادی والے گھر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں دلہن کے خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی اور دونوں گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ سکستھ روڈ پر شادی والے گھرمیں آگ لگ گئی۔حادثے میں دلہن سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق چار افراد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جس کے بعد وہ دم توڑ گئے۔جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 کی رسیکیو ٹیم موقع پر بروقت نہ پہنچ سکی۔ریسکیو کی ٹیم پونے گھنٹے سے تاخیر سے پہنچی جب کہ پہلے پہنچنے والی گاڑی کے پاس پانی موجود نہیں تھا۔ریسکیو اہلکاروں کا کہنا تھا کہ تاحال گھر میں آگ لگنے کی وجہ سمجھ نہیں آئی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں