کرنسی سمگلنگ کیس، ماڈل ایان علی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم

ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے، مستقل حاضری سے استثناء، معافی اور مقدمہ ختم کرنے کی درخواستیں مسترد

بدھ 23 جنوری 2019 14:41

کرنسی سمگلنگ کیس، ماڈل ایان علی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) کسٹمز کی خصوصی عدالت نے کرنسی سمگلنگ کیس کی ملزمہ ماڈل ایان علی کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔کسٹمز کی خصوصی عدالت کے جج ارشد بھٹہ نے ایان علی کی جانب سے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے، مستقل حاضری سے استثنا، معافی اور مقدمہ ختم کرنے کی درخواستیں مسترد کردیں۔

اس کے ساتھ ہی خصوصی عدالت نے ملزمہ ایان علی کو آئندہ تاریخ پر پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔عدالت نے مزید ریمارکس کے مطابق ملزمہ بادی النظر میں کرنسی سمگلنگ میں ملوث ہے اور ملزمہ کے نہ آنے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہوگی۔خصوصی عدالت نے گواہان کو بھی نوٹس جاری کرکے کرنسی سمگلنگ کیس کی آئندہ سماعت 15 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایان علی کو 14 مارچ 2015ء کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر اٴْس وقت حراست میں لیا گیا تھا، جب ان کے پاس سے پانچ لاکھ ڈالر سے زیادہ کی غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی تھی جس کے بعد ایان علی کے خلاف کرنسی سمگلنگ کا مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں اڈیالہ جیل بھیج دیا گیااور ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا تھا۔بعدازاں عدالتی حکم پر ای سی ایل سے نام نکالے جانے کے بعد وہ بیرون ملک روانہ ہوگئیں، اس دوران کرنسی سمگلنگ کیس کی کئی سماعتیں ہوئیں، جن میں وہ عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں