امید ہے مولانا فضل الرحمان آزادی مارچ کے سلسلے میں حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کریں گے، وفاقی وزیرفواد چوہدری

جمعرات 17 اکتوبر 2019 16:48

امید ہے مولانا فضل الرحمان آزادی مارچ کے سلسلے میں حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کریں گے، وفاقی وزیرفواد چوہدری
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ امید ہے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آزادی مارچ کے سلسلے میں قائم کی گئی کمیٹی سے مذاکرات کریں گے۔جمعرات کو پیر مہر علی شاہ زرعی بارانی یو نیورسٹی میں کینیڈا کی یونیورسٹی آف پرنس ا یڈورڈ آئی لینڈ کے اشتراک سے منعقدہ انٹر نیشنل ورکشاپ سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے باعث پاکستان کی عالمی سیاست میں واپسی ہوئی ہے جس پر بجا طور پر عمران خان پر فخر کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم رائج طریقہ زراعت سے ملکی معیشت کو ترقی نہیں دے سکتے ،اسے جدید طریقے سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام نجی شعبے کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا ہے ، اس لئے وزیر اعظم نے یونیورسٹیوں کو بزنس کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوجوان خواتین کو بااختیار بنا نے کی زیادہ ضرورت ہے۔

نئی ٹیکنالوجی خواتین کو بھی کاروباری مواقع فراہم کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 50 فیصد آبادی اگر یہ فیصلہ کر لے کہ اس نے کام نہیں کرنا تو آپ کی طاقت آدھی رہ جاتی ہے ۔ وفا قی وزیر کا کہنا تھا کہ معیشت کی سرپرستی سرکاری سیکٹر نہیں نجی شعبہ کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں زراعت میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنا ہو گی۔ اس موقع پردیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔آخر میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو یو نیو رسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر زمان نے شیلڈ بھی پیش کی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں