پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ

میزائل کی رینج 290 کلو میٹر،کئی طرح کے وار ہیڈ ہدف تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، آئی ایس پی آر

جمعرات 23 جنوری 2020 13:54

پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) پاکستان نے جمعرات کوزمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا ہے، میزائل 290 کلو میٹر کے فاصلے تک کئی طرح کے وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق تربیتی لانچ آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی فیلڈ ٹریننگ مشق کا حصہ تھا جس کا مقصد دن اور رات کے دوران آپریشنل تیاری کو مزید بہتر کرنا ہے۔

اس تربیتی لانچ کا مشاہدہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج ، ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن ، کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ ، چیئرمین نیسکام ، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے سینئر افسران ، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ ، سائنسدانوں اور اسٹریٹجک تنظیموں کے انجینئرز نے کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن نے اسلحہ سسٹم کو سنبھالنے اور چلانے میں انتہائی اعلی معیار برقراررکھنے پر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل تیاری کو سراہا۔

انہوں نے مضبوط اسٹریٹجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور اسٹریٹجک فورسز کی قابلیت پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور سروسز چیفس نے قوم کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں