رہنماء پی ٹی آئی علی محمد خان کو رہائی کے بعد خیبرپختونخواہ پولیس نے گرفتار کرلیا

علی محمد خان کورہائی کے بعد تیسری بارگرفتار کیا گیا ہے، علی محمد خان نظربندی کی مدت پوری ہونے پر اڈیالہ جیل سے رہا ہوئے تھے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 30 مئی 2023 18:37

رہنماء پی ٹی آئی علی محمد خان کو رہائی کے بعد خیبرپختونخواہ پولیس نے گرفتار کرلیا
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔30 مئی 2023ء) رہنماء پی ٹی آئی علی محمد خان کو رہائی کے بعد خیبرپختونخواہ پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔جیو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء علی محمد خان کوجیل کے باہر سے پولیس نے پھر گرفتار کرلیا گیا۔ علی محمد خان کورہائی کے بعد تیسری بارگرفتار کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماء علی محمد آج ہی اڈیالہ جیل سے رہا ہوئے تھے۔

علی محمد خان کو نظربندی کی مدت پوری ہونے پر رہا کیا گیا تھا، علی محمد خان کو ہائیکورٹ کے حکم پر راولپنڈی بنچ نے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اسی طرح تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کو بھی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ شہریار آفریدی کو مزید 15 دن کے لیے نظر بند کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کےجسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنماشہریار آفریدی کوطبی سہولیات فراہمی کی درخواست میں اڈیالہ جیل کے حکام سے میڈیکل رپورٹ طلب کی تھی ۔

درخواست گزار کے وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ شہریار آفریدی کو جیل میں اے کلاس فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے، شہریار آفریدی کا میڈیکل چیک اپ کرایا جائے،جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہاک ہ عدالت مناسب آرڈر پاس کرے گی، عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت 2جون تک کیلئے ملتوی کردی۔جب کہ گذشتہ روز لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نےجلائوگھیرائوکیس میں تحریک انصاف کے رہنمائوں ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو چودہ روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے پیر کے روز کیس کی سماعت کی ۔ تحریک انصاف کی رہنما اور سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کو الگ الگ عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ۔ پولیس تفتیشی افسران نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو عدالت میں پیش کیا اور عدالت سے تین روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی عدالت نے دونوں رہنمائوں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو چودہ روز کے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں